مشرقی یوکرین میں جنگ بندی پرناکامی کا جائزہ لے رہے ہیں، امریکہ
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا حالیہ ہفتوں کے دروان مشرقی یوکرین میں بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات اور مشترکہ روسی علیحدگی پسند افواج کی جانب سے مِنسک سمجھوتوں کے تحت جنگ بندی پر عمل درآمد میں ناکامی کا قریبی جائزہ لے رہا ہے۔امریکی ریڈیو کے مطابق محکمہ خارجہ کے قائم مقام ترجمان مارک سی ٹونر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا جمعہ کو یورپی تنظیم برائے سلامتی و تعاون (او ایس سی اِی) کے خصوصی جائزہ مشن (ایس ایم ایم) کے ارکان کو نشانہ بنانے اور مشترکہ روسی علیحدگی پسند فورسز کی جانب سے ایس ایم ایم کے بغیر پائلٹ والی فضائی گاڑی کو پکڑنے کے اقدام کی مذمت کرتا ہے۔مارک ٹونر نے کہا ہے کہ ہم روس اور علیحدگی پسند فورسز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر جنگ بندی پر عمل درآمد کیا جائے، تمام بھاری ہتھیار ہٹائے جائیں اور یورپی تنظیم برائے سلامتی و تعاون کے مبصرین کو مکمل رسائی کی اجازت دی جائے۔