دیوان مودود مسعود پر غیر شرعی نکاح کے الزام کی تحقیق کیلئے انکوائری بورڈ تشکیل دینگے :سیکر ٹری اوقاف
پاک پتن(تنویر ساحر سے) دربار حضرت بابا فرید گنج شکرؒ کے سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی پر غیر شرعی نکاح کے الزام کی تحقیق(بقیہ نمبر59صفحہ12پر )
کیلئے انکوائری بورڈ بیٹھے گا ۔ سیکرٹری اوقاف محمد حسن اقبال نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ پہلے سے بورڈ میں موجود ہے ،میں نیا آیا ہوں اورمجھے خانقاہی نظام کا زیادہ علم نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ غیر شرعی نکاح پر سجادہ نشین سے اختیارات واپس لینے کا نوٹیفکیشن ضرور جاری ہوا تھا لیکن بعد میں سجادہ نشین نے تحریری درخواست دی کہ میں خورشید بی بی کو طلاق دے چکا ہوں اور میرا موقف سنے بغیر فیصلہ دے دیا گیا جس پر محکمہ نے نوٹیفکیشن منسوخ کر کے انہیں وضاحت کا موقع فراہم کیا ہے اور اب وہ اپنی بیوی خورشید بی بی کو باضابطہ طلاق دینے کا ثبوت فراہم کریں گے اور بتائیں گے کہ طلاق کس یونین کونسل میں رجسٹرڈ کرائی گئی تھی۔ سیکرٹری اوقاف محمد حسن اقبال نے بتایا کہ مسلم فیملی لازء میں زبانی طلاق کی گنجائش شاید نہیں ہے اور دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی کی اجازت نہ لینا بھی درست نہیں ہے ۔پیر مہر معین الدین کو رسومات کا اختیار دینے کے سابقہ فیصلے کے جواز میں انہوں نے واضح کیا کہ یہ عارضی فیصلہ تھا جب محکمہ کسی ایک کو سجادہ نشینی سے ہٹاتا ہے تو دوسرے کو لازمی مقرر کرنا ہوتا ہے۔سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ سجادہ نشینی کے تین مزیددعویداردرخواستیں جمع کروا چکے ہیں جن کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔سیکرٹری اوقاف نے مذید کہا کہ دیوان مودود مسعود پر غیر شرعی نکاح کے الزام کی تصدیق کیلئے نئے سرے سے صوبائی وزیر اوقاف کی صدارت میں بورڈ بیٹھے گا جس میں مذہبی سکالرز اور قرآن بورڈ کے ممبرز کو شامل کر کے ان کی مشاورت کی روشنی میں تحقیقات کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر نکاح غیر شرعی ثابت ہوا تو حدود اور قانون کے مطابق کارروائی ضروری ہو جائے گی ۔دریں اثناء ڈائریکٹر مذہبی امور و اوقاف پنجاب طاہر رضا بخاری نے روزنامہ پاکستان کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ سجادہ نشین دربار حضرت بابا فرید گنج شکرؒ دیوان مودود مسعود چشتی فاروقی کا واضح موقف موصول ہوچکا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ وہ خورشید بی بی کو کافی عرصہ پہلے طلاق دے چکے تھے اوردیوان مودود مسعود چشتی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے خاندان میں نکاح اور طلاق شرعی طور پر ہوتے ہیں رجسٹرڈ نہیں کرائے جاتے ۔طاہر رضا بخاری نے مذید بتایا کہ دیوان صاحب کا یہ موقف درست ثابت ہوتا ہے تو احمد مسعود چشتی نے مورخہ 17 فروری کو جو ڈھائی صفحات پر مشتمل درخواست اپنی والدہ خورشید بی بی کی طرف سے غیر شرعی نکاح کے متعلق محکمہ کو جمع کروائی جس میں خورشیدبی بی نے لکھا کہ وہ ابھی بھی دیوان صاحب کی زوجیت میں ہیں وہ درخواست جعل سازی بن جائے گی جس کا انہیں خمیازہ بھگتنا پڑ سکتا ہے ۔ڈائریکٹر مذہبی امورو اوقاف طاہر رضا بخاری نے بتایا کہ دربار حضرت بابا فرید گنج شکرؒ کی سجادہ نشینی کیلئے دیوان بختیار سید محمد چشتی، دیوان عظمت سید محمد چشتی اور پیر احمد مسعود چشتی کی طرف سے محکمہ اوقاف کو درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
سیکرٹری اوقاف