لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینیٹر سراج الحق نے 3 مارچ کو پنجاب بھر کے پختون رہنماﺅں کا جرگہ منصورہ میں بلا لیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے 3 مارچ جمعہ کو پنجاب بھر کے پختون رہنماﺅں کا جرگہ منصورہ میں بلا لیاہے، جرگہ میں پنجاب میں پختونوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا جائے گا اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔ جرگہ کی صدارت سینیٹر سراج الحق کریں گے ۔ اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ پنجاب میں پختونوں کو نشانہ بنایا جارہاہے جو قومی مفاد میں نہیں ، بدامنی کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے ۔ قانون کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے ۔ مرکزی اور صوبائی حکومتوں کو اس حوالے سے اپنی حکمت عملی واضح کرنی چاہیے۔