ویمنز ٹی 20ورلڈ کپ، آسٹریلین اور بھارتی ویمنز نے اپنے اپنے میچز جیت لئے
کینبرا/میلبورن(ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلین ویمنز اور بھارتی ویمنز نے اپنے اپنے میچز جیت لئے، آسٹریلین ویمنز نے بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم کو 86رنز سے ہرا کر مسلسل دوسری فتح جبکہ بھارت کی ویمنز ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 3رنز سے ہرا کر مسلسل تیسری فتح حاصل کی۔آسٹریلیا کے دارلحکومت کینبرا کے مقام پر کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دسویں میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلوی ویمنز نے پہلے بیٹنگ ہوئے مقررہ 20اوورز میں 1وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بناکر بنگلہ دیشی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 190رنز کا ہدف دیا۔آسٹریلوی خواتین ٹیم کی الیسا ہیلی 83اور بیتھ مونی ناقابل شکست 81 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہیں۔آسٹریلوی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے باعث بنگلہ دیشی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 103رنز بناسکی۔ اس کامیابی کے بعد آسٹریلوی ٹیم اپنے گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ الیسا ہیلی کو عمدہ بلے بازی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسرا میچ میلبورن کے مقام پر کھیلا گیا، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے نویں میچ میں بھارتی ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 133رنز بناکر نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 134 رنز کا ہدف دیا۔شفالی ورما نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34گیندوں پر 3چھکوں اور4چوکوں کی مدد سے انفرادی46رنز بنائے اور تانیہ بھٹائی 23 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔ روسیمری مائیر اور ایمیلیا کر نے دو، دو تاہوہو، ڈیوائن اور کار سپیریک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں بھارتی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے باعث نیوزی لینڈ کی ٹیم 134 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130رنز بناسکی۔ایمیلیا کر نے ناقابل شکست 34، کیٹی مارٹن 25 اور میڈی گرین نے 24رنز بنائے۔ بھارت کی طرف سے دیپتی شرما، شیخہ پانڈے، راجیشواری، پونم یادیو اور رادھا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یوں بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دیکر میگا ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی۔ شفالی ورما میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔