امیر قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری، عوام کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں:فردو س عاشق اعوان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امیر قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری، عوام کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں،وزیراعظم کی امیر قطر سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کو تقویت دینے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قطر پاکستان کے مختلف شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کرے گا،ٹورازم سیکٹر میں سرمایہ کاری سے پاکستان میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا،ملاقات میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے حوالے سے پاکستانی کمپنیوں کیلئے تجارتی مواقعوں پر گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے امیر قطر کو بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے تشدد، مقبوضہ جموں کشمیر کی سنگین صورتحال اور انسانی حقوق کی پامالیوں سے آگاہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔