کورونا وائرس سے اموات کی شرح دو فیصد سے بھی کم ہے:میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایگزیکٹو ڈائریکٹر قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ)میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا ہے کورونا وائرس سے اموات کی شرح دو فیصد سے بھی کم ہے،ہر دوسرے تیسرے بندے کو زکام وغیرہ ہو جاتا ہے، ضروری نہیں کہ وہ کورونا ہی ہو، ایران میں اب تک 5 ہزار پاکستانی زائرین موجود ہیں، خود کو پاک صاف رکھنے سے بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ اس قسم کی وبائی صورت حال میں ہمیں خوف کو کنٹرول کرنا ہوتا ہے،پاکستان میں کورونا وائرس سے دو افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے لیکن دونوں متاثرہ افراد صحتیاب ہو رہے ہیں، اسلام آباد میں زیر علاج متاثرہ شخص کے اہلخانہ کے ٹیسٹ کر لیے ہیں جو منفی آئے ہیں۔سربراہ این آئی ایچ نے کہا کہ ایران میں اب تک 5 ہزار پاکستانی زائرین موجود ہیں، ایران کے کورونا وائرس کے اعلان سے پہلے کچھ زائرین واپس آچکے تھے،ایران سے آنے والوں کو گھروں میں ہی الگ تھلگ رکھنے کی سفارش کی ہے، گھروں میں رکھے گئے افراد کو ڈاکٹرز چیک کرتے رہیں گے، اگر کسی میں کورونا وائرس کی کوئی علامت ظاہر ہوتی ہے تو اسے ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ کا کہنا تھا کہ ہر دوسرے تیسرے بندے کو زکام وغیرہ ہو جاتا ہے، ضروری نہیں کہ وہ کورونا ہی ہو،کسی بھی وبائی مرض میں سب سے بہتر علاج احتیاط ہوتی ہے، خود کو پاک صاف رکھنے سے بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ملک میں ماسک کی کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ماسک سمیت دوسرے سامان کی برآمد پر پابندی لگائی گئی تھی، حکومت نے ماسک کی کمی کا نوٹس لیا ہے، ماسک تیار کرنے والے مقامی افراد سے کہا ہے کہ حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔