کرونا ووائرس کے متعلق آگاہی مہم چلائی جائے،الفرید ظفر

کرونا ووائرس کے متعلق آگاہی مہم چلائی جائے،الفرید ظفر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر محمد الفرید ظفر نے طب سے وابستہ افراد پر زور دیا ہے کہ وہ مریضوں اور عام شہریوں میں کرونا وائرس کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور انہیں رضاکارانہ طور پر اس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی آگاہی دیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو بطور شہری اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے میدان میں آنا ہو گا اور ہسپتالوں میں کام کرنے والے ہر شخص کو اس سلسلے میں خصوصی کاوش کرنی چاہیے۔ڈاکٹر رانا محمد شفیق اور ڈاکٹر شاہد محمودکا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے بچاؤکے لئے شہری صفائی ستھرائی اور خوراک کا خصوصی خیال رکھیں اور اپنے ہاتھوں کو باقاعدگی کے ساتھ صابن سے دھونا ہو گا۔

 انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز شہریوں کو بتائیں کہ وہ ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اورچھینکتے وقت ٹشو پیپر استعمال کریں۔طبی ماہرین نے کہا کہ کرونا وائرس جسم کے ٹمپریچر بڑھنے اور درجہ حرارت 100 کے قریب ہونے سے ہوتا ہے۔اس کی علامات میں ناک سے پانی بہنا،بخار ہونا،رنگ سرخ ہو جانا اور سانس کا تیز ہونا شامل ہیں اگر ایسا ہو تو اس شخص کو فوری طور پر الگ کر دیا جائے جبکہ عام شہریوں کو بھی دودھ،انڈے اور گوشت یا ان سے بنی ہوئی غذاؤں سے فی الحال پرہیز کرنا چاہیے اور مویشیوں سے بھی دور رہنا چاہیے،گلے کو خشک نہ رکھیں، مصالحہ دار اور فرائی فوڈ سے گریز کریں۔ ڈائریکٹر ایمرجنسی جنرل ہسپتال نے کہا کہ پریشان ہونے یا افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہیے اور ڈاکٹروں،نرسسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو جنگی بنیادوں پر عام آدمی کی آگاہی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ اس مرض کو پھیلنے سے پہلے ہی روکا جا سکے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ محکمہ صحت پنجاب کے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اس مرض کا بھر پور مقابلہ کیا جائے گا اور انشائاللہ صورتحال کنٹرول میں رہے گی۔