پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے چینی قونصلر

پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے چینی قونصلر

  



پشاور(سٹی رپورٹر) اسلام آباد میں متعین چین کے کلچرل قونصلر چونگ ہی چنگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے،اہل چین کو پاکستانیوں سے اپنی دوستی پر فخر ہے اور انہیں یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو میں چینی زبان سیکھنے کے کورس مکمل کرنے والے طلباء میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔اس موقع پر ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا کے جنرل منیجر ایڈمن اینڈ پراپرٹیز سجاد حمید اور دیگر سفارت کار بھی موجود تھے۔چینی قونصلر کا کہنا تھا کہ اگرچہ آجکل چینی عوام کرونا وائرس کی وجہ سے مشکل وقت سے گزر رہے ہیں لیکن وہ ان حالات کا ہمت اور حوصلے سے سامنا کر رہے اور انہیں یقین ہے کہ چین کرونا وائرس پر جلد قابو پا کر ایک بھرپور قوت بن کر ابھرے گا۔چونگ ہی چنگ نے کہا کہ اس مشکل وقت میں صدر پاکستان اور وزیر اعظم کے علاوہ پاکستانی عوام نے بھر پور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے جو بلاشبہ لائق ستائش ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب کرونا وائرس پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے اور اس وائرس میں مبتلا لوگوں کی تعداد میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔ چینی قونصلر کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے ایک اہم ترین منصوبہ ہے اور آنے والے ماہ و سال میں پاکستان کی معیشت پر اس منصوبے کے بہترین اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے چائنہ ونڈو میں چینی زبان سکھانے کی مفت کلاسوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عام لوگوں کو سی پیک کے تحت لگنے والے کارخانوں میں ملازمتوں کے حصول میں ترجیح حاصل ہو گی جس سے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء کو سکالر شپ پر چین بھی بھیجا جائے۔چینی قونصلر نے بتایا کہ پشاور یونیورسٹی میں زیر تعلیم افغان طلباء سمیت ضم شدہ اضلاع کے طلباء و طالبات کیلئے 100سکالرشپ دئیے جائیں گے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا کے جنرل منیجر سجاد حمیدنے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں چینی زبان کی اہمیت میں اضافہ ہواہے اور یہ زبان سیکھنے والے مستقبل میں بطور آپریٹرز کے طورپر خدمات انجام دے کر سیاحت کے فروغ کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔انہوں نے چینی زبان سیکھنے والوں کیلئے تین ماہ کی انٹرن شپ کا اعلان بھی کیا۔ سجاد حمید نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ چین سیاحت کے شعبے میں بھی تعاون کرے گا اور خاص طور گندھارا ثقافت کے پیش نظر چینی باشندوں کی بڑی تعداد پاکستان آئے گی۔ماہر تعلیم اختر امین کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ چائنہ ونڈو نے چینی زبان سکھانے کے حوالے سے نمایاں خدمت انجام دی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ منتظمین اس سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔بعدازاں چینی قونصلرنے چینی زبان کا کورس مکمل کرنے والوں میں اسناد تقسیم کیں۔ ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا کے جنرل منیجر سجاد حمیدنے مہمان قونصلر کو خصوصی یادگاری شیلڈبھی پیش کی

مزید : پشاورصفحہ آخر