سکالرشپس اجراء کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائیگا،ڈاکٹر ثانیہ نشتر

سکالرشپس اجراء کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائیگا،ڈاکٹر ثانیہ نشتر

  



اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروگرام ہے۔ ایچ ای سی کے آن لائن پورٹل پرموصول شدہ درخواستوں پر جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو چکا۔ اسکالرشپس کے باقاعدہ اجراء کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ معاون خصوصی نے گزشتہ روزقائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔ طلباء معاون خصوصی کو اپنے درمیان دیکھ کر بے حد خوش ہوئے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ان کے تعلیمی کیئریئر میں در پیش چیلنجوں کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ وائس چانسلر محمد علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اس موقع پر کہا کہ پالیسی کی تشکیل صرف آفس میں بیٹھ کر نہیں کی جا سکتی۔ جب تک آپ اس پالیسی سے مستفید ہونے والوں کے مسائل سے آگاہ نہیں ہونگے وہ پالیسی مؤثر نہیں ہو گی۔طالب علموں نے اس بات کی تعریف کی کہ پچاس فیصد اسکالرشپس خواتین طلبہ کیلئے مختص کی گئیں ہیں۔ڈاکٹر نشتر نے طلبہ کو یقین دلایا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پوری طرح پُرعزم ہے کہ اس پروگرام سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں وہ طلباء فائدہ اٹھائیں جو حقیقی طور پر ضرورت مند ہیں۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر

مزید : پشاورصفحہ آخر