اکرم درانی نے سپیکر کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے،کامران بنگش

اکرم درانی نے سپیکر کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے،کامران بنگش

  



چارسدہ(بیورو رپورٹ) خیبر پختون خوا کے مشیر بلدیات کامران بنگش نے کہا ہے کہ سابق وزیرا علیٰ اکرم خان درانی نے سپیکر کو اسمبلی میں گالیاں دی۔ اپوزیشن اور سینئیر پارلمنٹیرین کے منفی کردار سے اسمبلی کا ماحول خراب ہے۔ خیبر پختونخوا میں امسال بلدیاتی انتخابات منعقد کئے جائینگے۔بلدیاتی اداروں اور نمائندوں کے کرپشن کے حوالے سے ٹھوس ثبوتوں کی موجود گی میں کاروائی ہوگئی۔وہ ٹی ایم اے چارسدہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔اس موقع پر ایم پی اے فضل شکور خان،ٹی ایم او چارسدہ اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔مشیر بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ عوام نے ووٹ دیکر ممبران کو اپنے مسائل اور قانون سازی کے لیے اسمبلی بھیجا مگر اپوزیشن ممبران اسمبلی عوامی مسائل کو اسمبلی فلور پر اٹھانے کی بجائے ہلڑ بازی اور گالم گلوچ پر اتر آئے ہیں۔انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ سابق وزیر اعلی اور سینیئر پارلیمنٹیرین اکرم خان درانی نے اسمبلی فلور پر سپیکر کو گالیا ں دی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے منفی رویوں کے باوجود صوبائی حکومت اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کامران بنگش نے کہا کہ امسال خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات منعقد کیے جائیں گے جس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کی گئی ہے۔بلدیاتی اداروں میں عوام کرپشن کے حوالے سے ٹھوس ثبوت فراہم کریں تو حکومت ان کے خلاف ضرور کاروائی کریں گے۔مشیر بلدیات کامران بنگش نے ٹی ایم اے چارسدہ میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز بھی کر دیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر