الحمرا، 27 فروری کے حوالے سے تقریبات،ائیروائس مارشل کی شرکت
لاہور(فلم رپورٹر)لاہورآرٹس کونسل الحمراء میں 27فروری کے دن کو شایانِ شان طریقے سے منایا۔اس موقع پرنمائش،ڈرامے اور واک کا انعقادبھی کیا گیا۔نمائش کا افتتاح ائیروائس مارشل طارق ضیاء اور ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء اطہرعلی خان نے کیا۔ائیر وائس مارشل طارق ضیاء نے اس موقع پر کہا کہ پاک فضائیہ کی تاریخ میں 27فروری کا دن ایک ناقابل فراموش دن کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، اس دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن پر کامیاب جوابی حملہ کر کے اس کا غرور خاک میں ملایا،انھوں نے الحمرا کی اس کاوش کوبھرپور سراہا۔ ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء اطہرعلی خان نے اس موقع پر کہا کہ ہم الحمراء میں ائیر وائس مارشل طارق ضیاء کا خیر مقدم کرتے ہیں،سرپرائز ڈے پر طارق ضیاء کی الحمراء آمد خوش آئند ہے،27فروری پاکستان کے لئے تاریخ ساز دن ہے،ہم افواج پاکستان کے ساتھ یوم فخر منار ہے ہیں،پاکستانی فوج نے ہمیشہ قوم کا سرفخر سے بلند رکھا ہے،پاک فوج نے دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے ان گنت قربانیاں دیں،پاک فوج پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اپنی مثال آپ ہے۔اس موقع پر ڈرامہ ”ہم سے نہ ٹکرانا“پیش کیا گیا جس میں اداکاروں نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے پاک فوج کے بہادر سپوتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ائیر وائس مارشل طارق ضیاء نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے ڈرامہ دیکھا اور فنکاروں کو داد دی۔ اس موقع پر واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے ائیر وائس مارشل طارق ضیا ء کو الحمرا کی کتب کا تحفہ پیش کیا۔