سرکاری حج سکیم‘درخواستوں کی وصولی شروع کردی، بینک الفلاح

  سرکاری حج سکیم‘درخواستوں کی وصولی شروع کردی، بینک الفلاح

  



کراچی(پ ر)بینک الفلاح نے پاکستان بھر کی اپنی برانچوں میں سرکاری حج اسکیم 2020 کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز کردیا ہے۔ حج درخواستیں 6 مارچ 2020 تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ اس مقدس سفر کو آسان بنانے کے لئے بینک کی لگ بھگ 700 برانچز بروز ہفتہ 29 فروری 2020 اور اتوار یکم مارچ 2020 کو بھی فعال رہیں گی جہاں بینک کا تربیت یافتہ عملہ حج درخواستوں سے متعلق عمل میں اس مقدس سفر پر جانے کے خواہش مند افراد کی رہنمائی کرے گا۔ کامیاب درخواست دہندگان کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے سرانجام دیا جائے گا جس کے نتائج کا اعلان وزارت مذہبی امور کی جانب سے کیا جائے گا۔ سرکاری حج اسکیم 2020 کے تحت حج اخراجات میں حج کے فرائض کی ادائیگی تربیت، ویکسی نیشنز، طبی سہولیات (صرف سعودی عرب میں)، ریٹرن ٹکٹ، مکہ و مدینہ میں قیام، کھانے پینے کے اخراجات، ٹرانسپورٹیشن، سامان کی آمد و رفت اور تکافل فنڈ شامل ہیں۔ سرکاری حج اسکیم کے مطابق جنوبی ریجن (کراچی، سکھر، کوئٹہ) کا حج پیکج قربانی کے بغیر 4 لاکھ 55 ہزار 695 روپے جبکہ قربانی کے ساتھ 4 لاکھ 78 ہزار 520 روپے ہے۔ اسی طرح شمالی ریجن (پشاور، اسلام آباد، لاہور، ملتان، سیالکوٹ، رحیم یار خان، فیصل آباد) کا حج پیکج قربانی کے بغیر 4 لاکھ 63 ہزار 445 روپے جبکہ قربانی کے ساتھ 4 لاکھ 86 ہزار 270 روپے ہے۔

مزید : کامرس