وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا پنجاب کے داخلی راستوں کی سخت نگرانی کا حکم

  وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا پنجاب کے داخلی راستوں کی سخت نگرانی کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبے میں مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس کو مزید موثر اور داخلی راستوں کی سخت نگرانی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کی سکریننگ کیلئے محکمہ صحت کا اضافہ عملہ تعینات کیاگیاہے تاہم داخلی راستوں کی بھی موثر مانیٹرنگ ضروری ہے، کرونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے فوری طورپر کابینہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی،جس میں تمام سٹیک ہولڈرزشامل ہوں گے اورکمیٹی روزانہ میٹنگ کر کے صورتحال کا جائزہ لے گی اوراقدامات تجویز کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نیمحکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلی سطحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اور حکومت پنجاب کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کرونا وائرس سے متعلقہ ضروری سازوسامان ہنگامی طورپر منگوانے کی منظور ی دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے کرونا وائرس سے متعلقہ ضروری سازوسامان خریدنے کیلئے 236ملین روپے جاری کردیئے۔اجلاس میں کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اوربچاؤ کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی کے ایل آئی میں 75بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کردیاگیا۔میو ہسپتال میں 35بستروں پر مشتمل آئسولیشن یونٹ بنایاگیاہے جبکہ سروسز ہسپتال میں بھی آئسولیشن وارڈ قائم ہے،اسی طرح جنوبی پنجاب اورنارتھ پنجاب کے ہسپتالوں میں بھی آئسو لیشن وارڈقائم کیے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر 24گھنٹوں میں عملدر آمد کیا جائے اوررپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ائیرپورٹس اور داخلی و خارجی راستوں پرتمام ترممکنہ احتیاطی انتظامات کئے جائیں۔ پنجاب میں صورتحال نارمل ہے لیکن ہمیں ہمہ وقت چوکس رہنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکمے اور ادارے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں اور عالمی ادارہ صحت کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔صوبائی سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کورونا وائرس سے بچاؤ اورپنجاب حکومت کی جانب سے کئے جانیوالے احتیاطی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے چلڈرن ہسپتال میں بحریہ ٹاؤن کے تایر کردہ ایمرجنسی وارڈز کاافتتاح کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایمرجنسی وارڈز میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولتو ں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر چلڈرن ہسپتال کیلئے نیا او پی ڈی بلاک بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئے او پی ڈی بلاک کیلئے اراضی کی نشاندہی کا کام جلد مکمل کیا جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کو یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کا درجہ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہورکے ہسپتالوں کی نہ صرف تعمیر نوکی جارہی ہے بلکہ لاہور میں کئی دہائیوں بعد نئے ہسپتال بھی بنائے جارہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے پنجاب حکومت نے پیشگی انتظامات اوراقدامات کیے ہیں اورہماری صورتحال پر پوری نظر ہے۔جہاں ضرورت محسوس ہوئی وہاں مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ایک اورسوال کے جواب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ماسک کی قیمتوں میں اضافے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اوراس ضمن میں انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہچلڈرن ہسپتال کی حالتِ زار دیکھتے ہوئے تقریباََ دو ماہ قبل چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض حسین نے اس کی بحالی کا ذمہ اٹھایا۔ بحالی کے اس کام کی شروعات ایمرجنسی وارڈ کے ایک حصے سے کی گئی جو 40 بیڈز پر مشتمل ہے۔ دو ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہونے و ا لے ایمرجنسی وارڈ کے اس حصے کو بحریہ ٹاؤن نے اپنی اعلیٰ ترین روایات اور مکمل پلاننگ کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔ چلڈرن ہسپتال لاہور کے ایمرجنسی وارڈ کی مکمل گنجائش 400 بیڈ ہے جبکہ جس حصہ پر کام کیا گیا ہے وہ 40بیڈ کی گنجائش رکھتا ہے اور بقیہ حصے پر کام جاری ہے۔افتتاحی تقریب میں وائس پریزیڈنٹ بحریہ انٹر نیشنل ہسپتال ڈاکٹر شازیہ عاصم، یاسمین راشد اور بحریہ انٹر نیشنل ہسپتال لاہورکی مینجمنٹ،مارکیٹنگ ٹیم اور میڈیاسے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات سمیت سینکڑوں افراد نے بھرپور شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اہلیانِ لاہور کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں بحریہ ٹاؤن کے کردار کی تعریف کی۔چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی کا نوتعمیر شدہ حصہ مکمل ائیر کنڈیشنڈ اور ایمرجنسی وارڈ کی ضروریات کے مطابق ہے۔ انتظامیہ بحریہ ٹاؤن لاہور پلان کے مطابق چلڈرن ہسپتال کی جانب سے اس سیٹ اپ کیلئے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیتی رہے گی اور مکمل اطمینان کے بعد ہی کام کا سلسلہ ٓاگے بڑھائیں گے۔ قبل ازیں 2018 میں بحریہ ٹاؤن نے کراچی کے تیسرے بڑے پبلک ہسپتال عباسی شہید ہسپتال کے دو ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہونے و ا لے ایمرجنسی وارڈ کے حصے کو بحریہ ٹاؤن نے اپنی اعلیٰ ترین روایات اور مکمل پلاننگ کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا تھا۔
سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -