افغان مفاہمتی عمل کیلئے سٹیک ہولڈرز کردار اد ا کرینگے: وزیراعظم

  افغان مفاہمتی عمل کیلئے سٹیک ہولڈرز کردار اد ا کرینگے: وزیراعظم

  



اسلام آباد(آن لائن،آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے امریکہ طالبان معاہدے میں قطر کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان مفاہمتی عمل کی بھر پور حمایت کرتے ہیں، امید ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز افغان عمل کیلئے کردار ادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قطر کے ایک روزہ دورے میں امیر قطر سے ون آن ون ملاقات کے دوران کیا۔اسلام آباد سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ بھارت میں جاری مسلم مخالف فسادات پر گہری تشویش ہے، ہندتوا نظریے سے متاثر موجودہ بھارتی حکومت ان فسادات کی ذمہ دار ہے۔وزیراعظم نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ آر ایس ایس نظریات پر چلنے والی بی جے پی حکومت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے۔ وزیراعظم کی امیر قطر سے ون آن ون ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت علاقائی و عالمی امور پر گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے افغان مفاہمتی عمل کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک روزہ دورہ قطر میں امیر قطر سے وفود کی سطح پر بھی ملاقات کی۔ قبل ازیں امریکی سیکرٹری کامرس نے اسلام آابد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائے، دورہ امریکاتعلقات کی بہتری اور معاشی تعاون میں مددگار ثابت ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی پارٹنر ہے لہٰذاپاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائے گا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک میں بزنس ٹوبزنس تعاون بڑھانے پر زور دیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر پاکستانی موقف سے آگاہ کرتے ہوئے افغان امن عمل میں پاکستانی کردار سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان

مزید : صفحہ اول