ملک بھر سے بدعنوانی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح، چیئرمین نیب

  ملک بھر سے بدعنوانی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح، چیئرمین نیب

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے نیب ہیڈکوارٹرز میں جمعرات کو کھلی کچہری میں ملک بھر سے آئے ہوئے عوام کی بدعنوانی، فراڈ، مضاربہ، مشارکہ، جعلی ہاؤسنگ،کو آپریٹوسوسائٹیوں، منی لانڈرنگ وغیرہ سے متعلق شکایات سنیں اور احکامات جاری کئے۔چیئر مین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال اپنے وعدہ کے مطابق ہر ماہ کی آخری جمعرات کو عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات انتہائی اطمینان اور تسلی کے ساتھ سنتے ہیں بلکہ نیب کے علاقائی بیوروز میں متعلقہ ڈی جیز بھی ہر ماہ کی آخری جمعرات کو عوام کی درخواستوں کو سنتے ہیں اور اس سلسلہ میں چیئر مین نیب کی ہدایت پر تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے۔کھلی کچہری میں چیئر مین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ملک بھر سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب نے عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات کے ازالہ کے لئے نہ صر ف اپنے دروازے کھول دیئے ہیں وہاں نیب کے اہلکار ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے اپنے فرائض قومی فریضہ سمجھتے ہوئے ادا کر رہے ہیں تاہم بہتر سے بہتری کے لئے ہمیشہ کوشاں رہنا نیب کے ایمان اور یقین کا حصہ ہے۔چیئر مین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے نیب کے تمام ڈی جیزکو ہدایت کی کہ وہ کرپشن فری پاکستان کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرتے ہوئے شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز ٹھوس شواہد اور قانون کے تمام تقاضوں کومد نظر رکھتے ہوئے مکمل کریں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے جہاں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

چیئرمین نیب

مزید : صفحہ اول