پنجاب میں قانون کی عملداری کیلئے انتظامیہ کو فری ہینڈ دیا گیا‘ چوہان

  پنجاب میں قانون کی عملداری کیلئے انتظامیہ کو فری ہینڈ دیا گیا‘ چوہان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب میں میرٹ اور قانون کی عملداری کے لئے انتظامیہ کو مکمل طور پر فری ہینڈ دیا گیا ہے اور کسی قسم کے اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قبضہ مافیا، ناجائز تجاوزات، گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری ہے - انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں جرائم کی وارداتوں کی روک تھام اور اشیائے خورد و نوش کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لئے پولیس اور انتظامیہ کسی سے کوئی رعایت نہ برتے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہر ممکن یقینی بنایا جائے - انہوں نے راولپنڈی میں عوامی وفود سے گفتگو کے دوران کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار صوبے کے مختلف علاقوں کے ہنگامی دورے کرکے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات پر عوامی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے پروگرام پر پیش رفت تیز تر کر رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبے بلا تاخیر مکمل کرنے کے لئے عوامی نمائندوں اور قومی تعمیر کے محکموں کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ ترقی کے ثمرات جلد از جلد شہریوں تک پہنچ سکیں - فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف کاروائی کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے حواریوں کے گودام سامنے آئے ہیں جہاں چینی اور آٹے کی قلت پیدا کرنے اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کے لئے اناج کے ذخیرے چھپائے گئے تھے - انہوں نے کہا کہ سخت اقدامات سے حکومت مخالف عناصر کی سازشیں ناکام ہوئی ہیں اور گرانی پر قابو پانے سے شہریوں کو ریلیف حاصل ہو رہا ہے -
چوہان

مزید :

صفحہ اول -