منہاج کالج برائے خواتین کے زیر اہتمام تقریری مقابلے

  منہاج کالج برائے خواتین کے زیر اہتمام تقریری مقابلے

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)منہاج کالج فار ویمن (بزم منہاج)کے زیر اہتمام 12مختلف یونیورسٹیز، کالجز اور مدارس کی طالبات کے درمیان ”موبائل فون سے زندگی میں سکون ہی سکون ہے“ کے موضوع پر تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، اس اہم موضوع پر ہونے والے تقریری مقابلے میں جی سی یونیورسٹی،گریژن پوسٹ گریجوایٹ کالج،گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ، جامعہ نوریہ،رضویہ فیصل آباد، منہاج گرلز کالج کی طالبات نے حصہ لیا، طالبات نے موبائل فون کے فائدے اور نقصانات پر گفتگو کی، طالبات کے پر اعتماد لہجے اور معلوماتی گفتگوسن کر حاضرین داد دئیے بغیر نہ رہ سکے، تقریری مقابلے کے مہمان خصوصی تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھری تھے، ڈاکٹر رضوان احمد،پروفیسرالیاس اعظمی نے ججز کے فرائض انجام دئیے، اعجاز احمد چودھری،ڈاکٹر ثمر فاطمہ پرنسپل منہاج کالج فار ویمن، پروفیسر نور الزماں نوری، ڈاکٹر محمد افضل کانجو، محمد آفتاب قادری، ام حبیبہ انچارج بزم منہاج نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو سرٹیفکیٹس، میڈلز، شیلڈز اور نقد انعامات دئیے۔ جی سی یونیورسٹی کی طالبہ صالح محسن نے پہلی، عنبرینہ خان گریژن پوسٹ گریجوایٹ کالج کی طالبہ نے دوسری اور جامعیہ نوریہ رضویہ فیصل آباد کی طالبہ فرحت شاہین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ ہمیشہ وہی قوم ترقی کرتی ہے جس کے طلبہ و طالبات کا مقصد اور منزل واضح ہو، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت مسلمہ کا اثاثہ ہیں، فروغ تعلیم اور نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات قابل تقلید اور قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ موبائل فون کو اگر دانشمندی سے صرف ضرورت کے لئے استعمال کیا جائے تو یہ بہت مفید ہے، زندگی میں آسانیاں پیدا کرتا ہے۔

تقریری مقابلے

مزید : میٹروپولیٹن 1