کراچی، این آئی سی وی ڈی کے 16ویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح

کراچی، این آئی سی وی ڈی کے 16ویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح

  



کراچی (سٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب نے حکومتِ سندھ کے اشتراک سے کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کراچی میں اپنے 16 ویں چیسٹ پین یونٹ کا آغاز کر دیا ہے، جس کی بدولت مریضوں کو امراضِ قلب کی فوری طبّی امداد بالکل مفت فراہم کی جائیگی۔ این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے بروز جمعرات، فروری27، 2020 کو این آئی سی وی ڈی کے 16ویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر این آئی سی وی ڈی کے منیجمنٹ کنسلٹنٹ حیدر اعوان اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔ این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے افتتاحی تقریب کے دوران میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کراچی میں چیسٹ پین یونٹ کا قیام اہل کراچی کے لئے ایک اور تحفہ ہے۔ یہ چیسٹ پین یونٹ این آئی سی وی ڈی سے منسلک ہوگا، دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کی فراہمی کے بعد این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جائیگا، جہاں پر جدید سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ این آئی سی وی ڈی نے دل کی صحت کے شعبے میں چیسٹ پین یونٹس کے قیام سے ایک نیا دور متعارف کرایا ہے۔ یہ چیسٹ پین یونٹس کا منفرد پروگرام دنیا میں کہیں بھی نہیں ہے۔ یہ چیسٹ پین یونٹس 24 گھٹنے امراضِ قلب کے مریضوں کو ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے میں مصروفِ عمل رہتے ہیں۔ پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ یہ چیسٹ پین یونٹس مریضوں کو ابتدائی ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے کے لئے فعال بنائے گئے ہیں، یہ یونٹس جدید طبّی سہولیا ت سے آراستہ ہیں اور ان چیسٹ پین یونٹس میں ابتدائی تشخیص کی سہولت بھی میسر ہے۔ دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کے بعد پرائمری انجیوپلاسٹی اور دیگر پروسیجرز کے لئے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم اس پروگرام کے تحت پورے صوبہ سندھ میں مزید چیسٹ پین یونٹس قائم کرینگے، کیونکہ ان چیسٹ پین یونٹس نے دو سال کے مختصر عرصے میں 7,882 قیمتی جانے بچائی ہیں جن کو دل کے دورے کے دوران فوری ہنگامی طبّی امداد فراہم کی گئی اور لاکھوں مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔ این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ بڑی فخر کی بات ہے کہ 2سال کی مختصر مدت میں صوبہ سندھ میں 10این آئی سی وی ڈی ہسپتالیں اور 15چیسٹ پین یونٹس قائم کئے گئے ہیں، جہاں پر پورے ملک سے آنے والے مریضوں کو امراضِ قلب کا جدید او رمہنگا علاج بالکل مفت فراہم کیا جاتا ہے۔پروفیسر ندیم قمر نے میڈیا کو درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان چیسٹ پین یونٹس کے حوالے سے عوام میں آگاہی پید کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ امراضِ قلب کے مریض اس بالکل مفت سہولت سے مستقید ہو سکے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر