ٹڈ ی دل کیلئے ماہرین کی ٹیم بلوائی ہے،چینی قونصل جنرل

ٹڈ ی دل کیلئے ماہرین کی ٹیم بلوائی ہے،چینی قونصل جنرل

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں تعینات چینی قونصل جنرل لی بی جیان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹڈیوں کے خاتمے کے لئے چین نے اپنے ماہرین کی ایک ٹیم یہاں بلوائی ہے، جو سندھ میں اپنا کام ختم کرنے کے بعد بلوچستان جائے گی، ان خیالات کااظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چین سے آئے ہوئے ماہرین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لی بیجیان نے کہا کہ یہ ٹیم جو یہاں کام کررہی ہے، اس کا بہت زیادہ تجربہ ہے اور اپنے شعبے کے ماہر ہیں۔ حکومت پاکستان کی درخواست پر یہ ٹیم خصوصی طور پر بلوائی گئی ہے، صوبہ سندھ کے محکمہ زراعت کا شعبہ ہمارے ساتھ مکمل تعاون کررہا ہے۔ پاکستان میں ٹڈی دل کا حملہ ماضی میں بھی ہوا ہے، لیکن ہماری خدمات اس مرتبہ حاصل کی گئی ہیں۔ ماضی میں مکمل طور پر کامیابی حاصل نہ ہوسکی تھی، ہمیں قوی امید ہے کہ ہمارے یہ ماہرین اس پر قابو پالیں گے۔ ہمارا حکومت پاکستان سے طویل المدتی معاہدہ ہوا ہے، اور حکومت ہمارے تجربے سے فائدہ اٹھارہی ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم نے سندھ کے ریگستانی علاقوں سے اپنے کام کا آغاز کیا تھا۔ ماہرین جہاز کے ذریعے اسپرے کررہے ہیں، ہمیں اس کام میں پاکستانی نامور سائسندانوں کی خدمات بھی حاصل ہیں۔ اس موقع پر چین سے آئے ہوئے ماہرین کے ٹیم لیڈر نے بتایا کہ ہمارا تجربہ بہت کامیاب رہے گا، ہماری ٹیم میں شامل لوگ انتہائی تجربہ کار اور اپنے کام میں ماہر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھڑکنے والا اسپرے فصلوں کو خراب نہیں کرے گا۔ 8گھنٹوں میں طویل رقبے پر اسپرے کیا گیا اور اس کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی گئی، پاک چین دوستی ہمیشہ سے مضبوط ہے اور رہے گی۔

مزید : صفحہ اول