سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو مزید بااختیار بنایا جائے گا،سیدناصر شاہ

سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو مزید بااختیار بنایا جائے گا،سیدناصر شاہ

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تمام بلدیاتی منتخب نمائندوں کی مشاورت اور تجاویز سے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں ترامیم کے ذریعے مقامی حکومت کو مزید بااختیار بنایا جائے گا تاکہ وہ عوام کی مثر اور بہتر انداز میں خدمت کرسکیں اور ان کے مسائل حل کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج مقامی ہوٹل میں لوکل کونسل ایسوسی ایشن سندھ کی جانب سے منعقدہ دو روزہ مشاورتی ورکشاپ کے انعقاد کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں کیا۔ ورکشاپ سے سندھ لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے صدر سید کمیل حیدر شاہ، ایل سی اے بلوچستان کے صدر میر عابد حسین لہڑی، ایل سی اے پنجاب کی صدر فوزیہ خالد وڑائچ، ایل سی اے خیبر پختونخواہ حمایت اللہ معیار، نیشنل ایل سی اے کے صدر راجن سلطان پیرزادہ، نمائندہ دولت مشترکہ کلئرز ایسٹ، نمائندہ یورپی یونین حیدر نے بھی خطاب کیا اور اپنے تجربات کی روشنی میں سفارشات اور تجاویز پیش کیں۔ اور بتایا کہ اس ورکشاپ میں پورے پاکستان کی لوکل کونسل ایسوسی ایشنز ملک کے ایک لاکھ سے زائد منتخب کونسلرز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ دو روزورکشاپ کا مقصد سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کا تفصیلی جائزہ لینا، اسکی خامیوں کی نشاندہی اور عوام کی بہتر خدمت کے سلسلے میں تجاویز اور سفارشات تیار کرنا ہیں۔ دو روزہ ورکشاپ کے اختتام پر پورے ملک کے منتخب کونسلرز کے نمائندوں کی حتمی تجاویز اور سفارشات تیار کرکے حکومت سندھ کو پیش کی جائیں گی۔

مزید : صفحہ اول