امریکہ پاکستان میں سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائے: وزیراعظم
اسلام آباد/دوحہ(آئی این پی،این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائے، دورہ امریکاتعلقات کی بہتری اور معاشی تعاون میں مددگار ثابت ہوگا۔ان کیالات کا اظہار انہوں نے امریکی سیکرٹری کامرس سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی پارٹنر ہے لہٰذاپاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائے گا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک میں بزنس ٹوبزنس تعاون بڑھانے پر زور دیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر پاکستانی موقف سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے افغان امن عمل میں پاکستانی کردار سے بھی آگاہ کیا۔بعدازاں وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر قطر پہنچے، جہاں امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے دیوان امیری میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق قطر نے پاکستان کی جانب سے افغانستان میں امن کے قیام کیلئے کی گئی کوششوں کو سراہا۔ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی برائے اوورسیز سید ذوالفقار عباس بخاری بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان قطر پہنچے تو وزیر توانائی سعد شریدہ الکعبی نے ان کا اور وفد کا استقبال کیا۔بعد ازاں دیوان امیری آمد پر قطر کے امیر نے وزیر اعظم عمران خان اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم عمران خان