فیصل آباد،کرونا کا مشتبہ مریض الائیڈ ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل
فیصل آباد(سپیشل رپورٹر)16فروری کو چین سے فیصل آباد آنے والے مریض کو فلو ہونے کے باعث کروناوائرس کا شبہ ہونے پر الائیڈ ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا مریض کی منتقلی کے دوران ہسپتال کا تمام عملہ مکمل الرٹ رہا۔سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم نے مریض کے ٹیسٹ لیکر علاج معالجہ شروع کر دیاہے اورمریض کے لئے آئسولیشن وارڈ میں ایک کمرہ بھی مختص کر دیا گیا ہے جبکہ الائیڈ ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر خرم الطاف نے ”پاکستان“ کو بتایا کہ 22سالہ محمد شاہان ٹھیکریوالہ کے نواحی چک 74ج۔ ب کا رہائشی ہے اور وہ 16فروری کو چین سے کوالالمپور ہوتا ہوا لاہور ایئرپورٹ پر آیا جہاں اس کی مکمل طور پر سکریننگ بھی کی گئی تھی بعدازاں وہ اپنے گاؤں ٹھیکریوالہ پہنچا اس دوران ڈی جی ہیلتھ آفس سے باقاعدگی سے اس کی خیریت بھی دریافت کی جا رہی تھی چین سے واپسی پر اس کو فلو کی شکایت ہوئی تھی جو بعدازاں دُور ہو گئی تھی‘گذشتہ روز محمد شاہان کو دوبارہ فلو اور گلے کی خرابی کی شکایت ہوئی جس پر ڈی جی ہیلتھ آفس سے اطلاع موصول ہونے پر اس کو مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ الائیڈ ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ کے کمرہ میں منتقل کر دیا گیا ہے اور اس کے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں ٹیسٹوں کی حتمی رپورٹس آنے کے بعد ہی کنفرم ہو سکے گا کہ محمد شاہان کروناوائرس کا شکار ہوا ہے یا نہیں ہوا ہے۔ اس سلسلہ میں پروفیسر ڈاکٹر عامر شوکت‘ ڈاکٹر انعم سمیت دیگر سینئر ڈاکٹرز اور عملہ مریض کو چیک کر رہے ہیں اور مریض کے ساتھ اس کا حقیقی بھائی موجود ہے جبکہ ہسپتال میں مکمل حفاظتی اقدامات بھی مکمل ہیں اور کورناوائرس کا مشتبہ مریض محمد شاہان خود بھی میڈیکل کا سٹوڈنٹ ہے وے یونیورسٹی آف ساؤتھ چین کے شہر ہونان میں گذشتہ تین سال سے مقیم ہے اور وہ ایم بی بی ایس کے تیسرے سمسٹر میں زیر تعلیم ہے۔
کرونا مریض