لکی مروت میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ، تعداد 11ہو گئی
پشاور(سٹی رپورٹر)صوبہ خیبر پختونخوا سے ایک اور پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعدرواں سال کے دوران صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد11ہوگئی ہے۔جمعرات کے روز ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے ایک پریس ریلیز کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت کے تحصیل لکی مروت سے32ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔متاثر بچی کے والدین نے اپنی بچی کو حفاظتی ٹیکہ جات نہیں لگوائے تھے۔ اس بچی کے فضلہ کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹری بھجوائے گے تھے جہاں تفصیلی تجزیہ کے بعداس بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی یوں سال رواں میں ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد21جبکہ خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد11ہوگئی ہے، ای او سی کوآرڈینیٹرنے کہا کہ ہر بچے تک رسائی اور پولیو قطرے پلوانا ضروری ہے۔ کوآرڈینیٹر ای او سی عبدالباسط نے کہا کہ موثر انسداد پولیو مہمات میں ہر بچے تک پہنچ کر اسے پولیو قطرے پلائے بغیر پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی و الدین سے اپیل ہے کہ وہ پیر کے روز سے شروع ہونے والی انسدادپولیو مہم میں پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک کے تمام بچوں کوپولیو کے قطرے ضرور پلوائے تاکہ وہ صحت مند زندگی سے محروم نہ رہیں۔