سٹاک مارکیٹ میں مندی بر قرار، ڈالر 10پیسے اور سونا 300روپے فی تولہ سستا

سٹاک مارکیٹ میں مندی بر قرار، ڈالر 10پیسے اور سونا 300روپے فی تولہ سستا

  



کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا دباوٗ دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں شدید مندی چھاگئی اور ابتدائی ڈیڑھ گھنٹے میں کے ایس ای100انڈیکس میں 1400سے زائد پوائنٹس گر گئے،بعدازاں شیئرز کی خریداری سے ریکوری آئی اورمندی کے اثرات محدود ہوگئے لیکن مکمل طور پر زائل نہ ہوسکے، مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس251.01پوائنٹس کمی سے 38087.32پوائنٹس پر بند ہوا،244کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو78ارب43کروڑ52لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں گزشتہ روز پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر10پیسے کی کمی سے 154روپے کی سطح پر آگیا جبکہ انٹر بینک میں بھی ڈالر کی قدر میں 3پیسے کی کمی ہوئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید10پیسے کی کمی سے154روپے اورقیمت فروخت154.30روپے رہی جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید154.24روپے سے گھٹ کر154.21روپے اورقیمت فروخت 154.34 روپے سے گھٹ کر154.31روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں 3ڈالر کمی سے سونا فی اونس1645ڈالرکا ہوگیا،جس کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونا300روپے کمی ہوگئی۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 300روپے کمی سے94450روپے اور10 گرام سونے کی قیمت 257روپے کمی سے 80976روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 30روپے کمی سے 1020روپے اور10 گرام چاندی کی قیمت 874روپے ہوگئی۔

سٹاک مارکیٹ

مزید : صفحہ آخر