اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں‘ حالات ٹھیک ہوجائیں گے‘ جہانگیر ترین

اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں‘ حالات ٹھیک ہوجائیں گے‘ جہانگیر ترین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لودھراں (نمائندہ پاکستان) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے لودھراں تا کہروڑپکا دورویہ سڑک کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ میگا پراجیکٹ پر اڑھائی (بقیہ نمبر40صفحہ12پر)

ارب روپے لاگت آئے گی۔ جہانگیر ترین نے لودھراں میں فیملی اینڈ چلڈرن ہسپتال کا بھی افتتاح کردیا۔فیملی اینڈ چلڈرن ہسپتال کے منصوبے پر 7کروڑ 30لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔افتتاح کے موقع پر جہانگیر ترین نے فیملی ہسپتال کے لئے ذاتی جیب سے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلا ن بھی کیا۔ جہانگیر ترین نے اپنے ادارے ایل پی پی کی جانب بنائی گئی پناہ گاہ اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے بنائے گئے لنگر خانے کا بھی افتتاح کیا۔جہانگیر ترین نے ایل پی پی کی کلین اینڈ گرین لودھراں مہم کے تحت فیملی ہسپتال میں پودا لگا کر موسم بہار 2020 کی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔شجرکاری مہم کے تحت ایل پی پی کی جانب سے رواں برس ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔مختلف منصوبوں کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ لودھراں کہروڑپکا دورویہ روڈ اور فیملی ہسپتال کے لئے فنڈز کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار،وزیر خرانہ ہاشم جواں بخت،وزیر صحت پنجاب، سیکرٹری ہیلتھ سمیت سب کا شکرگزار ہوں۔ انشاء اللہ اپنے دور حکومت میں ہی لودھراں کہروڑپکا روڈ مکمل کریں گے۔عوام کی دعاؤں کی برکت ہے کہ لودھراں میں سڑکوں،ہسپتالوں سمیت دیگر منصوبوں کے فنڈز مل رہے ہیں۔ انشاء اللہ لودھراں کا نقشہ بدل دوں گا۔جہانگیر ترین نے کہا کہ کپاس پاکستان کی سب سے اہم فصل ہے، بیس سال سے اس پر کسی نے کام نہیں کیا۔کپاس کے کاشتکار کو بیج اور دوائیاں نہیں ملتی جس کی وجہ سے کاشتکار کو نقصان ہوتا ہے۔کپاس کے کاشتکار کو نقصان کی وجہ سے وہ دوسری فصلیں کاشت کرتے ہیں۔پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کو از سرنو فعال کیاجارہاہے اور ماڈرن بنیادوں پر چلائیں گے۔جہانگیر ترین نے کہا کہ میری 6شوگر ملز ہیں جبکہ باقی بھی 81شوگر ملز ہیں کوئی ان سے بھی سوال پوچھ لے۔ گنے کے کاشتکاروں کو بہترین ریٹ مل رہے ہیں۔گنے کا کاشتکار کو 230 سے 260 روپے مل رہے ہیں اور کاشتکار خوش ہے۔ خدا کے واسطے کاشتکار کا بھی سوچ لیاجائے۔ چینی اگر کچھ مہنگی ہوئی تو اسکا فائدہ کاشتکار کوہورہاہے۔جہانگیر ترین نے کہا کہ ملک میں آٹے کا کوئی بحران نہیں تھا۔صرف ایک ہفتے کا بحران تھا جس کو اپوزیشن نے واویلہ کرکے بڑا بنایا۔ جب یہ سیزن ختم ہوگا اور نئی گندم مارکیٹ میں آئے گی تو اس وقت پاکستان حکومت کے پاس آٹھ لاکھ ٹن سٹاک پھر بھی موجود ہوگا۔کوئی مجھے بتائے یہ کیسا بحران ہے؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خوشحالی زراعت اور انڈسٹری کی ترقی سے آئے گی۔ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے پر بہترین کام ہو رہا ہے۔حالات اتنے زیادہ خراب تھے کہ ٹھیک کرتے وقت لگا ہے اب بتدریج بہتری آرہی ہے اور مزید بھی بہتری آئے گی۔اپوزیشن بکھری ہوئی ہے اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔شبر زیدی صاحب چھٹی پر ہیں امید ہے وہ جلد صحت یاب ہوجائینگے۔جہانگیر ترین نے کہا کہ ملتان میں 12 سال بعد انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ میچ ہوا۔ملتان کے عوام نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔سب کو ملتان سلطانز کی جیت مبارک ہو۔ اہالیان لودھراں سمیت سب فینز دعا کریں کہ ملتان میں ہونے والے اگلے دو میچز میں بھی ٹیم کامیاب ہو۔ علی خان محنت کررہاہے ٹیم بھی بھرپور پرفارم کررہی ہے۔ اللہ تعالی مہربانی کریگا۔اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں محمد شفیق ارائیں، صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری زوار حسین وڑائچ، ایم پی اے نذیر خان بلوچ، ڈپٹی کمشنر عمران قریشی، ڈی پی او سید کرار حسین شاہ، سی ای او ڈاکٹر اعجاز اعوان، نواب امان اللہ خان، رانا اعجاز نون،سردار ارشاد خان گھلو،طاہر حسین خان ملیزئی،ملک آصف اعوان، رانا ارسلان خان، طاہر امیر خان غوری، مہر اکرم سیال،حافظ صدیق ارائیں، حاجی مجید ارائیں، ملک اسماعیل ارائیں، ممتاز خان جوئیہ،حاجی راؤ عمران،ثریاسیال ودیگر بھی جہانگیر ترین کے ہمراہ تھے۔
جہانگیر ترین