پاکستان خطے میں امن کا خواہاں، مسئلہ کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے: صدر مملکت

پاکستان خطے میں امن کا خواہاں، مسئلہ کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے: صدر ...

  



اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے،پاکستان مسئلہ کشمیر پر کبھی کوئی سمجھوتا نہیں کریگا، ہماری مسلح افواج نے دو بھارتی طیارے گرا کر بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا تھا، پاکستان پلوامہ واقعہ میں ملوث نہیں،بھارت پاکستان میں حملوں میں ملوث ہے، بھارت جعلی فلیگ آپریشن سے باز رہے،بھارت میں اقلیتیں دباؤ کا شکار ہیں اور انہیں حقوق حاصل نہیں،پاکستان دنیا بھر میں قلیتوں کے حقوق کا علمبردار ہے، پاکستان طالبان اور افغانستان کے درمیان امن معاہدے میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”شدت پسند بھارت اور ذمہ دار پاکستان“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت میں سکھوں، عیسائیوں اور مسلمانوں کی زند گیاں اجیرن کر دی گئی ہیں، آر ایس ایس کے نفرت انگیز فلسفے نے گاندھی کو بھی قتل کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوری تحریک اور جمہوری اقدار کی بنیاد پر وجود میں آیا،کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ دنیا میں امن کے فروغ کے نظریئے کے تحت وجود میں آیا، بھارت اقوام متحدہ کے منشور کی بھی دھجیاں اڑاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سری لنکا، نیپال اور دوسرے چھوٹے ہمسایہ ملکوں کے اندرونی معاملات میں بھی مداخلت کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ انسانی حقوق کے علمبردار مغربی معاشرہ نے بے سہارا مہاجرین پر اپنے دروازے بند کر دیئے، پاکستان نے مشکل حالات میں 51 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی اور اس وقت بھی 26 لاکھ افغان مہاجرین میں پاکستان میں موجود ہیں۔

صدر مملکت

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر