” یار آپ نے اس کو تھپڑ مار کر بہترین کام کیا اور ۔۔“فواد چوہدری اور وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان کی ویڈیو وائرل ہو گئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وزیراعلیٰ کے پی وفاقی وزیر فوادچوہدری سے کہہ رہے ہیں کہ اس (ٹی وی اینکر) کو تھپڑ مار کر آپ نے بہترین کام کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہو نے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فواد چوہدری کے ہمراہ وزیراعلیٰ کے پی کے ، شوکت یوسفزئی اور وزیراعلیٰ کے مشیر ضیاءاللہ بنگش بھی موجود ہیں ۔ اس دوران وزیراعلیٰ کے پی کے کہتے ہیں کہ ”اس کو تھپڑ مار کر آپ نے بہترین کا م کیا ہے یار۔ یہیں پر بات کو آگے بڑھاتے ہوئے شوکت یوسفزئی کہتے ہیں کہ یہ کوئی طریقہ ، انسان کا بچہ ہی نہیں ہے ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ریٹنگ کیلئے آپ کہہ رہے ہیں کہ میری فوٹیج ہے ، میں نے اس کو کہا کہ تمہار ا کوئی گھر بار نہیں ہے ۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے گذشتہ ماہ ایک شادی کی تقریب کے دوران نجی ٹی وی کے اینکر کو تھپڑ رسید کر دیا تھا۔رپورٹ کے مطابق فواد چوہدری نے ٹی وی اینکر کو تھپڑا مارا جس کے بعد دونوں گتھم گتھا ہو گئے تھے جس کے بعد تقریب میں موجود دیگر شخصیات نے دونوں میں بیچ بچاو¿ کرایا۔اس سے قبل گذشتہ سال جون میں بھی فواد چوہدری نے فیصل آباد میں ایک تقریب میں ایک ٹی وی اینکر کو تھپڑ مارا تھا۔