احسن اقبال کو ضمانت ملنے پر نوازشریف کا ٹیلی فون،کیا بات چیت ہوئی؟ جانئے

احسن اقبال کو ضمانت ملنے پر نوازشریف کا ٹیلی فون،کیا بات چیت ہوئی؟ جانئے
احسن اقبال کو ضمانت ملنے پر نوازشریف کا ٹیلی فون،کیا بات چیت ہوئی؟ جانئے

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا لیگی رہنما احسن اقبال سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں نوازشریف نے ضمانت ملنے پر مبارکباد دی ہے۔

نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں نوازشریف کا کہنا تھاکہ سچ کا ساتھ دینے پر آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کسی دباومیں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتا یا ہے کہ نوازشریف کی جانب سے حوصلہ بڑھانے پر احسن اقبال نے ان کا شکریہ اداکیا۔

یاد رہے کہ دوروز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ کے رہنما احسن اقبال کی ضمانت بعد از گرفتاری منظورکی ہے، عدالت نے احسن اقبال کو ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللّٰہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کی ضمانت منظور کی، اس دوران احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس سلسلے میں ایڈیشنل پراسیکیوٹر نیب عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب نے خدشہ ظاہر کیا کہ ملزم باہر آیا تو کیس کا ریکارڈ خراب کر سکتا ہے، ملزم کے آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات بھی کر رہے ہیں، ملزم کے بیرون ملک فرار اور ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا بھی خدشہ ہے۔

تاہم عدالت نے احسن اقبال کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔

مزید : قومی