”ہمارے شہری بھارت کا سفر کرنے سے گریز کریں اور ۔۔“بڑے ملک نے اپنے شہریوں کو ہدایت کر دی ،بھارت کیلئے زور دار جھٹکا
ٹورنٹو(ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارت میں بڑے پیمانے پر مسلم کش فسادات اور جلاو گھیراو کے واقعات کے باعث کینیڈا نے اپنے شہریوں کو بھارت جانے سے گریز کرنے کی ہدایات کر دی ہے ۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق کینیڈا نے بھارت کی حالیہ صورتِ حال اور مسلم کش فسادات کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر اپنے شہریوں کے لیے سفری پابندیوں کے احکامات جاری کیے ہیں۔کینیڈین حکومت کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق کینیڈین شہری بھارت کے سفر سے گریز کریں، خاص طور پر گجرات، پنجاب، راجستھان، اروناچل پردیش، آسام اور منی پور جانے میں احتیاط برتی جائے۔
دوسری جانب برطانیہ کی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوربن نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں جاری جان لیوا حملوں اور پرتشدد کارروائیوں پر صدمے کا شکار ہوں۔انہوں نے کہا کہ اختلاف کرنا اور احتجاج کرنا عوام کا حق ہے، انسانی حقوق کا بین الاقوامی قانون مذہبی آزادی اور مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت مختلف شہروں میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف احتجاج جاری ہے، اس دوران ہونے والے فسادات میں اب تک 38 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔