راولپنڈی میں بارش ، اگر میچ میں یہ کام ہو گیا تو پھر کسی کو بھی ٹکٹ کے پیسے واپس نہیں ملیں گے کیونکہ ۔۔پی سی بی نے ٹکٹ ری فنڈ کا طریقہ کار واضح کر دیا
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) راولپنڈی میں موسم خراب ہے اور ہلکی بارش کے باعث سٹیڈیم میں پانی کھڑا ہو گیاہے جہاں آج لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کھیلا جانا ہے لیکن اب پی سی بی نے میچ نہ ہونے کی صورت میں ٹکٹ ریفنڈ سے متعلق طریقہ کار واضح کر دیاہے ۔
پی سی بی کے مطابق بارش کے باعث ٹاس نہ ہوسکا توٹکٹ 100فیصد ریفنڈ ہوگا، 5 اوورزسے کم کا کھیل کھیلا گیا تو 75فیصد ٹکٹ ریفنڈ ہوگا۔اس کے علاوہ 5 اوورزسے زیادہ لیکن 10 اوورزسے کم میچ کھیلاگیا تو50 فیصد ٹکٹ ریفنڈ ہوگا اور اگر 10 یا اس سے زائد اوورز کا میچ کھیلاگیا تو ٹکٹ ریفنڈ نہیں ہوگا۔
راولپنڈی کے گراونڈ میں آج لاہور قلندرز اور پشاور زلمی پی ایس ایل کے 11 ویں میچ میں آنے سامنے ہو نے جارہے ہیں لیکن شائقین کرکٹ کیلئے افسردہ خبر یہ ہے کہ راولپنڈی میں وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش کے باعث سٹیڈیم میں پانی کھڑا ہو گیاہے تاہم پچ کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں اور نکاسی آب کیلئے ٹمیں متحرک ہو گئیں ہیں ۔
نجی ٹی وی ” جی این “ نیوز کے مطابق گراونڈ اور پچ کی کنڈیشن دیکھ کر ہی آج کے میچ کے کھیلے جانے کا فیصلہ کیا جائے گا جبکہ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہاہے کہ راولپنڈی میں آج سارا دن بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ لاہور میں بھی چلنے والی ٹھنڈی ہواﺅں نے موسم ایک مرتبہ پھر سے خوشگوار کر دیا ہے اور شہری موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے پکوڑے اور سموسوں کا اہتمام کرتے دکھائی دے رہے ہیں ۔
ملتان میں آج کراچی کنگز اور ملتان سلطان آمنے سامنے آئیں گے اور دونوں ٹیموں کے درمیان میچ دوپہر دو بجے شروع ہو گا جس میں بس کچھ ہی وقت باقی ہے اور تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں جبکہ شائقین کرکٹ نے بھی سٹیڈیم کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے ۔