پی ایس ایل، ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 187 رنز کا ہدف دیدیا
ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچ میں ملتان سلطانز نے معین علی اور شان مسعود کی عمدہ نصف سنچریوں کی بدولت کراچی کنگز کو جیت کیلئے 187 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔ معین علی نے 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ شان مسعود نے 42 گیندوں پر 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ ذیشان اشرف 23، ریلی روسو 8، روی بوپارا 9، خوشدل شاہ 10، شاہد آفریدی 1 اور سہیل تنویر 2 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 27 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کرس جورڈن نے 4 اوورز میں 29 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمید آصف اور افتخار احمد نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔