کراچی میں کرونا وائرس کی کیا صورتحال ہے؟ کیا کوئی نیا کیس بھی آیا؟ حکومت کا اہم ترین بیان آگیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں کرونا وائرس کا ایک ہی مریض موجود ہے ، اس کے بعد اب تک کوئی بھی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی میں کرونا وائرس کا ایک ہی مریض ہے جو 20 فروری کو ایران سے آیا تھا، اس کے اہلخانہ کے ٹیسٹ بھی مکمل کرلیے گئے ہیں ان میں سے کسی کو بھی یہ وائرس نہیں ہے، آغا خان ہسپتال میں زیر علاج نوجوان کے علاوہ کراچی میں کرونا وائرس کا کوئی دوسرا کیس سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ماسک کے حوالے سے افرا تفری ہے، کسی کو بھی ماسک کی ذخیرہ اندوزی نہیں کرنے دیں گے، جن لوگوں کو کرونا وائرس کی علامات ہوتی ہیں صرف انہیں ہی ماسک کی ضرورت پڑتی ہے، عام لوگوں کو ماسک کی ضرورت نہیں ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ایک ہزار 419 لوگ ایران گئے تھے جن میں سے 467 افراد ابھی تک وہیں موجود ہیں، 952 لوگ پاکستان واپس آئے ہیں جن میں سے 650 افراد کو چیک کرنے کے بعد کلیئر قرار دیا گیا تاہم انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 14 روز تک گھروں تک محدود رہیں۔