کورونا وائرس نے کورونا شراب بنانے والی کمپنی کی لٹیا ڈبو دی

کورونا وائرس نے کورونا شراب بنانے والی کمپنی کی لٹیا ڈبو دی
کورونا وائرس نے کورونا شراب بنانے والی کمپنی کی لٹیا ڈبو دی

  



نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کی وجہ سے چین سے سپلائی متاثر ہونے کی وجہ سے کئی طرح کے کاروباروں کا نقصان تو ہو رہا تھا لیکن ایک کمپنی ایسی ہے جسے کورونا وائرس کے نام کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان ہو گیا ہے۔ ویب سائٹ وی ٹی ڈاٹ کام کے مطابق اس کمپنی کا نام بھی ’کورونا‘ ہے جو شراب بناتی ہے۔ کمپنی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب سے کورونا وائرس پھیلا ہے ان کی مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی آ گئی ہے اور اب تک کمپنی کو 17کروڑ ڈالر (تقریباً26ارب 27کروڑ روپے)کا نقصان ہوچکا ہے۔

بیلجیم کی اس کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی چین میں سیلز سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں جو کہ کمپنی کی سب سے بڑی مارکیٹس میں سے ایک تھی۔ اگر نقصان کی یہی شرح رہی تو سال 2020ءکی پہلی سہ ماہی میںکمپنی کو 10فیصد سے زائد نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ تاہم نقصان کی شرح میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے ساتھ ساتھ تیزی آ رہی ہے چنانچہ ممکنہ طور پر کمپنی کا 10فیصد سے زیادہ نقصان ہو سکتا ہے۔کمپنی کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ”اگرچہ ہماری مصنوعات کا کورونا وائرس سے کوئی تعلق نہیں لیکن اس وائرس کا خوف اس قدر ہے کہ لوگ ہماری مصنوعات کے ناموں، کورونا بیئر، وغیرہ سے بھی ڈر رہے ہیں اور انہیں خریدنے سے اجتناب برت رہے ہیں۔ چین کے علاوہ مغربی یورپ، آسٹریلیا، انڈیا، جاپان اور نیوزی لینڈ میں بھی ہماری مصنوعات کی فروخت میں کمی واقع ہو رہی ہے۔“

مزید : بین الاقوامی /بزنس