ٹاس ہونے میں آدھا گھنٹہ باقی مگر موسم کی کیا صورتحال ہے؟ وہ خبر آ گئی جس کا سب کو بے صبری سے انتظار تھا
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں آج لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ شروع ہونے میں صرف ایک گھنٹہ باقی ہے لیکن بارش کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ آٹھ بجے شروع ہونا ہے جبکہ ٹاس ساڑھے سات بجے ہو گا تاہم اس سے قبل ہی ایک مرتبہ پھر بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس پر وکٹوں کو ڈھانپ دیا گیا ہے اور شائقین بارش رکنے کا انتظار کرنے میں مصروف ہیں۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جو شام کے وقت کچھ دیر کیلئے تھم گیا تھا اور راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں وکٹوں سے کور بھی ہٹا دئیے گئے تھے تاہم ٹاس سے صرف آدھ گھنٹہ قبل یعنی سات بجے بارش کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا ہے اور میچ منسوخ ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔