مودی کے دوبارہ وزیر اعظم بنتے ہی بھارتی معیشت کا بیڑہ غرق ہونا شروع ہوگیا، اب کیا صورتحال ہے؟ اعداد و شمار جاری
نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے ادارہ شماریات کی جانب سے معیشت کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں جن کے مطابق بھارت کی جی ڈی پی گروتھ کم ہو کر 4.7 فیصد پر آگئی ہے ۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی ادارہ شماریات نے جمعہ کے روز مالی سال 2019-20 کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ 2019-20 کے پہلے کوارٹر کے دوران انڈیا کا گروتھ ریٹ 5.6 فیصد اور دوسرے کوارٹر میں کم ہو کر 5.1 فیصد پر آگیا ۔ تیسرے کوارٹر میں حکومت نے توقع کی تھی کہ گروتھ ریٹ میں اضافہ ہوگا لیکن ملک میں پھیلی افراتفری کے باعث معیشت جمود کا شکار ہوئی اور جی ڈی پی گروتھ ریٹ کم ہو کر 4.7 فیصد ہوگیا۔
حکومت نے توقع ظاہر کی ہے کہ مالی سال 2020-21 کے دوران انڈیا کا جی ڈی پی گروتھ ریٹ 5 فیصد رہے گا جو 11 سال کی کم ترین سطح ہے، مالی سال 2021-22 کے دوران توقع کی جارہی ہے کہ جی ڈی پی گروتھ ریٹ میں بہتری آئے گی اور یہ 6 سے 6.5 فیصد تک ہوسکتا ہے۔