سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے امریکی رپورٹ پر پاکستانی دفتر خارجہ کا ردعمل بھی سامنے آگیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کے حوالے سے امریکی رپورٹ پر پاکستانی دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس معاملے میں سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ کی رپورٹ دیکھی ہے،سعودی حکومت نے صحافی کے قتل کو ملکی قوانین اور اقدار کے خلاف قرار دیا۔سعودی عرب نے ملوث کرداروں کو تحقیقات کے بعد سزائیں دلوائیں،سعودی حکومت نے انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے۔صحافی کے قتل میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی کاوشوں کو تسلیم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی اداروں کی جانب سے جمال خشوگی کے قتل کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں شہزادہ محمد بن سلمان کو اس واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔