’عمر اکمل کے خلاف کیس میں ہم جیت کر بھی ہار گئے‘ پی سی بی کے قانونی مشیر نے ایسی بات کہہ دی کہ آپ بھی اتفاق کریں گے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے قانونی مشیر کا کہنا ہے کہ کھیلوں کی عالمی عدالت میں ہم عمر اکمل کے خلاف جیت کر بھی ہار گئے ہیں۔
پی سی بی حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی سی بی کے قانونی مشیر نے بتایا کہ کھیلوں کی عالمی عدالت میں عمر اکمل نے اپنی اپیل میں کہا تھا کہ انہیں سزا نہیں ملنی چاہیے جبکہ پی سی بی کا موقف تھا کہ اگر دو سزائیں ہیں تو انہیں اکٹھے نہیں چلنا چاہیے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ایک سزا ٹھیک ہے اور ایک سزا درست نہیں ہے، جب سزا ہی ایک رہ گئی تو ہمارا قانونی نقطہ ہی ختم ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ عدالت میں عمر اکمل کی ایک ایک الزام کے اوپر سزا کو ایک سال کردیا گیا جبکہ باقی کے چھ ماہ کی سزا کو ختم کرکے انہیں ساڑھے 42 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔
پی سی بی کے قانونی مشیر کا کہنا تھا کہ کرپشن کے بارے میں ہم بہت سنجیدہ ہیں، ہماری جیت کبھی نہیں ہوتی، ہم جیت کر بھی ہارتے ہیں، کیونکہ یہ ہمارے کرکٹرز ہیں اور ان کے خلاف کوئی بھی کارروائی دل پر پتھر رکھ کر کی جاتی ہے۔