حکومت کو عوام پر ’ترس‘ آگیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز مسترد

حکومت کو عوام پر ’ترس‘ آگیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز ...
حکومت کو عوام پر ’ترس‘ آگیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز مسترد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومت کو مہنگائی کی چکی میں پس رہے عوام کی حالت پر ترس آگیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزیر اعظم کو بھجوائی گئی تھی جو انہوں نے مسترد کردی۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی۔ 

خیال رہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرول چھ روپے 22 پیسے  اور ہائی سپیڈ ڈیزل چھ  روپے 82 پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی ۔ اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں  پانچ روپے 78 پیسے جبکہ مٹی کا تیل چھ روپے 37 پیسے  اضافے کی تجویز کی گئی تھی۔

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ’ اوگرا نے تقریباً 6 سے 7 روپےفی لیٹر  تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھانے کی تجویز کی۔ وزیراعظم عمران خان نے یہ تجویز منظور نہیں کی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے  کے باوجود وزیراعظم نے اجازت نہیں دی۔‘