پنجاب سے ن لیگ کو بلا مقابلہ کیوں کامیاب کرایا؟ بلاول بھٹو نے ایسی بات کہہ دی کہ حکومت کی پریشانی کی حد نہ رہے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی پنجاب سے سینیٹ کی نشستیں چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں کام آئیں گی، یقین ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) سینیٹ الیکشن میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا ساتھ دے گی۔
مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےبلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے ہر میدان میں حکومت کو چیلنج کیا ہے، ہم ایک پیج پر ہیں اور اکٹھے الیکشن لڑ رہے ہیں، ہم متفق رہ کر حکومت کو چیلنج اور سرپرائز کریں گے اور اس کٹھ پتلی حکومت کو گھر بھیجیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ن لیگ کی پنجاب سے نشستیں نکالی ہیں، یہ نشستیں اس وقت کام آئیں گی جب ہم چیئرمین سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان حکومت کی اتحادی ہے لیکن وہ سینیٹ کے ووٹ میں آزاد ہیں، وفاقی حکومت نے کراچی کو لاوارث چھوڑا ہوا ہے، ایم کیو ایم اگر پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے آواز اٹھائے گی تو اس میں دم ہوگا، ہمیں یقین ہے کہ وہ ہر جگہ ہمارے ساتھ ہوں گے۔
سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروانے کے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ آئین کے تحت فیصلہ دے گی، ’آئین میں یہ بات ہے کہ الیکشن سیکرٹ بیلٹ سے ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے دونوں صورتوں کیلئے تیاری کر رکھی ہے، خیبر پختونخوا میں جو فارمولا طے پایا ہے اس کے تحت ہم حکومت کو وہاں بھی ٹف ٹائم دیں گے۔