شبلی فراز نے سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ کی مخالفت کرنے والوں پر سنگین الزام عائد کردیا

شبلی فراز نے سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ کی مخالفت کرنے والوں پر سنگین الزام ...
شبلی فراز نے سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ کی مخالفت کرنے والوں پر سنگین الزام عائد کردیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیراطلاعات سینیٹرشبلی فرازنےکہاہےکہ  اوپن بیلٹ کےمخالف ملک میں کرپٹ نظام کا تسلسل چاہتے ہیں، تحریک انصاف حکومت کا موقف واضح ہے کہ سینیٹ انتخابات شفاف ہوں، اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سارے سیاسی کیریئرمیں دو نمبری کرتے آئے ہیں اسلئے وہ نہیں چاہتے کہ انتخابات شفاف ہوں،اپوزیشن کا ایمان پیسہ ہے اور یہ لوگ اس بار بھی سینیٹ انتخابات میں دونمبری کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن جماعتوں نے سینیٹ انتخابات میں جیت کی رٹ لگا رکھی ہے لیکن یہ لوگ غلط فہمی کا شکار ہیں، تین مارچ کو سینیٹ انتخابات کے نتائج ثابت کریں گے کہ ناکامی ان کا مقدر بن چکی ہے، وزیراعظم عمران خان ملک کی بہتری اور عوام کی خدمت کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، حکومت عوام کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے، حکومت کہیں نہیں جا رہی، اپوزیشن جماعتیں مزید ڈھائی سال تک صبر کریں۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن دھاندلی زدہ نظام کی حامی اور شفافیت کی راہ میں دیوار بنی جبکہ عمران خان انتخابی عمل میں شفافیت کیلئےغیرمتزلزل عزم کےساتھ کھڑے ہیں، حکومت نےسینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ انتخابات سے کرپشن اور خریدوفروخت کا خاتمہ ہو سکے، اسی حوالے سے سپریم کورٹ سے بھی رہنمائی لی گئی ہے لیکن اپوزیشن جماعتوں نےشفاف انتخابات کی مخالفت کر کے ثابت کر دیا ہے یہ لوگ دونمبری کرنا چاہتےہیں، اِنہوں نے اپنے عمل سے ظاہر کر دیا ہے اور قوم نے بھی جان لیا ہے کہ انتخابی نظام میں شفافیت کےمعاملےپرکون تاریخ کےکس رخ پرکھڑا ہے؟۔وفاقی وزیراطلاعات نےکہاکہ اوپن بیلٹ کےمخالف ملک میں کرپٹ نظام کا تسلسل چاہتے ہیں،پاکستان تحریک انصاف وہ جماعت ہے جس نے نظام میں شفافیت اور ملک میں کرپشن کے خاتمے کو ایک تحریک کی شکل دی،عمران خان اس مقصد کے حصول کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اپوزیشن جماعتیں سینیٹ انتخابات میں نقب لگانے کیلئے پوری کوششیں کر رہی ہیں لیکن یہ لوگ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے،حکمران جماعت اور اتحادی جماعتوں کے ارکان سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا بیانیہ تضادات سے بھرپور ہیں، وقت کی مناسبت سے یہ لوگ اپنا موقف تبدیل کرتے آئے ہیں اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اس کی زندہ مثال ہے، ان لوگوں نے حکومت کو بڑی دھمکیاں دیں کہ استعفے دے دیں گے، یہ کریں گے وہ کریں گے لیکن کیا کچھ بھی نہیں، اب ان لوگوں نے سینیٹ انتخابات میں جیت کی رٹ لگا رکھی ہے لیکن تین مارچ کو نتائج ثابت کریں گے کہ ناکامی ان کا مقدر بن چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی گزشتہ 30 سال سے حکومتیں کرتی آئی ہیں لیکن دونوں جماعتوں نےملک اور عوام کی بہتری کیلئے کوئی کام نہیں کئے، یہ لوگ سیاست میں کاروبار لیکر آئے اور قوم کا پیسہ لوٹ کر بیرون ممالک جائیدادیں بنانےمیں مصروف رہے، وزیراعظم عمران خان ملک کی بہتری کیلئے دن رات کام کر رہےہیں اور اس مشن میں تمام وزراءان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اخلاقیات کو تباہ کیا کیونکہ ان کا ایمان پیسہ اور کرپشن ہے،جمعیت علمائے اسلام (ف) نے مذہبی جماعت کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے اور اس حیثیت سے کی اس کی ذمہ داری تھی کہ موجودہ حکومت کے ہر اچھے کاموں کوسپورٹ کرتی لیکن اس کا بھی ملک کو تباہ کرنے میں برابر حصہ رہا ہے،مولانا شیرانی اور حافظ حسین احمد نے اپنی قیادت کے حوالے سے جو کہا وہپوری قوم کے سامنے ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عبدالحفیظ شیخ تحریک انصاف حکومت کا حصہ ہیں اور ہماری جماعت کے تمام لوگ وزیراعظم عمران خان کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔

مزید :

قومی -