جسپریت بمراہ آئی پی ایل سے باہر ، کمر کی سرجری کا امکان

جسپریت بمراہ آئی پی ایل سے باہر ، کمر کی سرجری کا امکان
جسپریت بمراہ آئی پی ایل سے باہر ، کمر کی سرجری کا امکان
سورس: BCCI

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انڈیا کے سٹار فاسٹ باؤلر  جسپریت بمراہ کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2023 سے باہر کردیا گیا ہے۔ فاسٹ باؤلر کمر کی تکلیف کے باعث گزشتہ سال ستمبر سے ایکشن سے باہر ہیں۔ ذرائع کے مطابق بمراہ اس مسئلے سے مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے لیے کمر کی سرجری کروا سکتے ہیں۔ آئی پی ایل 31 مارچ سے شروع ہو رہا ہے اور بمراہ کی انجری نے روہت شرما کی قیادت والی ممبئی انڈینز  کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔

این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ  بمراہ جون میں ہونے والی  ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔ انڈیا کے ٹیسٹ چیمپئن شپ کیلئے  کوالیفائی کرنے کا سب سے زیادہ امکان ہے۔

جسپریت بمراہ کمر کی انجری کے باعث اگست میں ایشیا کپ سے باہر ہوئے تھے جس کے بعد سے انہوں نے کئی بار ٹیم میں واپسی کی کوشش کی ہے۔   ابتدائی طور پر ان کی انجری کو سنجیدہ نہیں لیا گیا  اور  ستمبر میں  انہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ  کے سکواڈ میں شامل کیا گیا ،  یہاں تک کہ انہوں  نے 23 اور 25 ستمبر کو آسٹریلیا کے خلاف آخری دو ٹی ٹوئنٹی میچز بھی  کھیلے تھے۔

بمراہ نے نومبر میں دوبارہ بحالی شروع کی اور دسمبر کے وسط میں باؤلنگ شروع کی لیکن جنوری میں فٹنس مشقوں کے دوران  انہیں تکلیف دوبارہ شروع ہوئی جس کے بعد وہ سری لنکا اور پھر آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر ہوئے۔ ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ اور کپتان روہت شرما چاہتے ہیں کہ بمراہ مکمل فٹنس حاصل کرنے کے بعد ہی ٹیم میں واپس آئیں۔  روہت شرما نے بمراہ کو مکمل فٹنس سے پہلے ٹیم میں لانے کے خلاف وارننگ بھی دے رکھی ہے۔

مزید :

کھیل -