سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا

سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا
سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )الیکشن کمیشن نےفریقین کے دلائل مکمل ہونے پر سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔

الیکشن کمیشن میں سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے کے معاملے پر سماعت ہوئی جس دوران ایس آئی سی کے وکیل علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے ذہن میں کوئی سوال تھا اس لیے آپ نے سماعت کیلئے مقرر کیا، ورنہ آپ مختص سیٹ کا اعلان کر سکتے تھے ، حقیق یہ ہے کہ آپی ٹی آئی کا نشان لیا گیا، سپریم کورٹ میں کہا تھا نشان نہیں دیں گے تو مخصوص نشست کا مسئلہ ہو گا، سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن مخصوص نشست لے لے گا، سپریم کورٹ کو ای سی پی کے وکیل نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہو گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کیا سپریم کورٹ کے حکم میں یہ لکھا گیاہے ، وکیل سنی اتحاد کونسل نے جواب دیا کہ جو میں نے پیشن گوئی کی تھی وہ ہوا ، ممبر کمیشن نےکہا کہ ہمیں تو معلوم نہیں تھا کہ آپ کس جماعت میں جا رہے ہیں، علی ظفر نے کہا کہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار مختلف نشانات پر الیکشن لڑے ، اسمبلی میں آزاد  امیدوار سیاسی جماعتوں سے زیادہ ہیں، دو اسمبلیوں میں ہم اکثریت اور ایک اسمبلی میں تقریبا اکثریت میں ہیں۔

علی ظفر کا کہناتھا کہ سنی اتحاد کونسل پر اعتراض کیا گیا کہ وہ پارلیمنٹ میں نہیں ہے ، کہا جاتا ہے ایس آئی سی میں شامل امیدواروں کو مخصوص نشست نہیں ملنی چاہیے ، پی ٹی آئی امیدواروں نے تین دن میں ایس آئی سی میں شمولیت اختیار نہیں کی ، اعتراض ہے آپ آزاد امیدوار ہیں، اس کا بھی جواب دینا ہے ، اعتراض ہے ایس آئی سی نے فہرست نہیں دی تھی، اس لیے نشست نہیں مل سکتی ، مجھے ان تین اعترضاات کا جواب دینا ہے ، سیاسی جماعت وہ ہے جو الیکشن کمیشن رجسٹر کرے گا ، سیاسی جماعت رجسٹرڈ ہے تو وہ ہر مقصد کیلئے رجسٹرڈ ہے ، سیاسی جماعت وہ تنظیم ہے جو الیکشن میں حصہ لے سکتی ہے ۔

چیف الیکشن کمشنر نے دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ سربراہ سنی اتحاد کونسل نے 26 فروری کو الیکشن کمیشن کو خط لکھا ، جس میں کہا گیا کہ جنرل الیکشن نہیں لڑ رہے اور نہ ہی مخصوص نشستیں چاہئیں ،چیف الیکشن کمشنر نے سنی اتحاد کونسل کا خط بیرسٹر علی ظفر کے حوالے کیا اور ریمارکس دیئے کہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہیں چاہئیں تو آپ کیوں مجبور ک رہے ہیں ؟بیرسٹر علی ظفر نے سنی اتحاد کونسل کے خط سے لاعلمی کا اظہار کر دیا ۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -