ایسی عینک جس کے شیشوں کا رنگ سمارٹ فون کے ذریعے تبدیل ہو گا

ایسی عینک جس کے شیشوں کا رنگ سمارٹ فون کے ذریعے تبدیل ہو گا
ایسی عینک جس کے شیشوں کا رنگ سمارٹ فون کے ذریعے تبدیل ہو گا

  

لاہور (کامران اکرم) عینک کا استعمال دنیا بھر کے افراد کرتے ہیں، کچھ لوگ نظر کی عینک کا استعمال کرتے ہیں تو کچھ لوگ دھوپ سے آنکھوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ”سن گلاسز“ کا استعمال کرتے ہیں۔ بہت سے شوقین افراد کپڑوں کی طرح عینک بھی بدلتے رہتے ہیں اور دنیا بھر میں بہت سی کمپنیاں مہنگی سے مہنگی عینکیں بنا کر کروڑوں روپے کا کاروبار کرتی ہیں تاہم اب ایک ایسی عینک کی تیاری کاآئیڈیا پیش کیا گیا ہے جس کے شیشوں اور فریم کا رنگ سمارٹ فون میں موجود ایپلی کیشن کے ذریعے تبدیل کیا جا سکے گا اور ہر دفعہ نئی عینک خریدنے سے چھٹکارا مل جائے گا۔

ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے ایسی ہی عینک کا آئیڈیا پیش کیا ہے جس کے فریم اور شیشوں کا رنگ سمارٹ فون کے ذریعے تبدیل کیا جا سکے گا۔ یہ عینک گوگل کے سمارٹ گلاس جیسی خصوصیات کی حامل تو نہیں ہو گی لیکن جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس عینک میں ایسی خصوصیات شامل کی جائیں گی جو اسے عام گلاسز سے منفرد کریں گے۔

یہ بات سچ ہے کہ کسی بھی خیال کو حقیقت کا رنگ دینا مشکل ہے تاہم ماضی میں بھی بہت سے ایسے خیالات پیش کئے گئے تھے جنہیں حقیقت کا روپ دینا ناممکن نظر آتا تھا تاہم انسان کی ذہانت کے باعث یہ خیالات حقیقت میں تبدیل ہو گئے اور اسی لئے خیال کیا جا رہا ہے کہ سام سنگ مستقبل قریب میں ایسی عینک بنانے میں کامیاب ہو جائے گا جس کے شیشوں اور فریم کا رنگ فوری طور پر تبدیل کیا جا سکے گا۔

مزید : سائنس اور ٹیکنالوجی