مائیکرو بلاگنگ سائٹ ”ٹوئٹر“ نے اہم فیچرز متعارف کرا دیئے

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ”ٹوئٹر“ نے اہم فیچرز متعارف کرا دیئے
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ”ٹوئٹر“ نے اہم فیچرز متعارف کرا دیئے

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنی سروس میں 2 نئے فیچرز ” ویڈیو اپ لوڈنگ “ اور ”گروپ چیٹنگ“ متعارف کرا دیئے ہیں اور ابتدائی طور پر اسے اینڈرائڈ سمارٹ فونز کیلئے پیش کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویڈیو اپ لوڈنگ اور گروپ چیٹ کا فیچر ابتدائی طور پر آئی فون کے صارفین کو بھی فراہم کیا جائے گا۔ انٹرنیٹ پر پہلے سے ہی سکائپ اور واٹس ایپ جیسی سروسز کا راج ہے جن کے ذریعے عوام اپنے پیاروں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں اور دوستوں کے ساتھ گروپ چیٹ کا مزہ لوٹ سکتے ہیں تاہم ٹوئٹر کی جانب سے نئے فیچرز متعارف کرائے جانے کے بعد واٹس ایپ کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق گروپ چیٹنگ کیلئے صارفین کا ایک دوسرے کا ”فالوورز “ ہونا ضروری نہیں ہے کیونکہ اگر ایسا کیا جاتا تو اس فیچر کے استعمال کیلئے صارفین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔ اس فیچر کے تحت زیادہ سے زیادہ 20 افراد گروپ چیٹ میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ٹوئٹر کے مطابق کوئی بھی شخص گروپ چیٹ شروع کرنے کیلئے مطلوبہ لوگوں کو ایڈ کرے گا جس پر ان افراد کو نوٹیفکیشن ملیں گے جن پر ردعمل دیتے ہوئے اس چیٹ میں شامل ہو نے یا نا ہونے کا فیصلہ کر سکیں گے۔

اسی طرح ٹوئٹر ویڈیو اپ لوڈنگ کا فیچر بھی متعارف کرا رہا ہے جس کے تحت صارفین اپنے موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے 30 سیکنڈز کی ویڈیو اپ لوڈ کر سکیں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ بہت سارے خیالات ایسے ہوتے ہیں جن کا اظہار ٹوئٹر پر موجود 140 الفاظ کی حد میں رہ کر نہیں کیا جا سکتا۔ اسی لئے ٹوئٹر نے ویڈیو فیچر ایڈ کرنے کافیصلہ کیا ہے تاکہ لوگ اس کے ذریعے باآسانی اپنے جذبات و خیالات کا اظہار کر سکیں۔ ٹوئٹر کے مطابق نئے فیچر ابتدائی طور پر اینڈرائڈ سمارٹ فونز کیلئے دستیاب ایپلی کیشن کیلئے جلد فراہم کر دیئے جائیں گے جس کے بعد آئی فون اور کمپیوٹر صارفین کو بھی ان فیچرز تک رسائی دے دی جائے گی۔

مزید : سائنس اور ٹیکنالوجی