شاہد آفریدی نے انگلش کاؤنٹی نارتھنٹس سے معاہدہ کر لیا
اسلام آباد (اے پی پی) قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے رواں برس شیڈول ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کیلئے انگلش کاؤنٹی کلب نارتھنٹس سے معاہدہ کر لیا۔ معاہدے کے تحت آفریدی 15 مئی کو ٹورنامنٹ میں کلب کو جوائن کریں گے اور چھ میچوں کیلئے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ 34 سالہ آل راؤنڈر کا شمار دنیائے کرکٹ کے خطرناک بلے بازوں میں کیا جاتا ہے، آفریدی اپنے جارحانہ انداز کی وجہ سے عالمی شہرت کے حامل ہیں اور انہیں ایک روزہ میچوں میں زیادہ چھکے لگانے کا عالمی اعزاز بھی حاصل ہے، آفریدی کو پاکستان کی طرف سے ون ڈے میں تیز ترین سنچری بنانے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ نارتھنٹس کوچ ڈیوڈ ریپلے نے اپنے بیان میں کہا کہ آفریدی گیند اور بلے کے ساتھ وسیع تجربہ رکھتے ہیں اسلئے ان کی خدمات ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔ ، امید ہے کہ وہ عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ آفریدی کو ون ڈے میں 391 وکٹیں لینے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔