20لاکھ غیر ملکی پاکستان کے شہری بن گئے

20لاکھ غیر ملکی پاکستان کے شہری بن گئے

سینیٹ کی مجلس قائمہ کو دی جانے والی سرکاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ20لاکھ سے زائد غیر ملکی پاکستانی شہریت حاصل کر چکے ہیں اور ان میں افغان باشندوں کی تعداد زیادہ ہے۔ مجلس قائمہ نے اس پر سخت حیرت اور اضطراب کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سوال اٹھایا ہے۔

خبر میں جس بات کا انکشاف کیا گیا وہ تو کھلا راز ہے جسے سارا زمانہ جانتا ہے۔ اسلام آباد، لاہور اور کراچی جیسے شہروں میں افغان شہریوں نے جائیدادیں خریدیں، حتیٰ کہ مارکیٹیں بنا کر کاروبار شروع کیا۔ اس کے علاوہ پاکستانی شہری کی حیثیت سے پاسپورٹ حاصل کر کے بیرون ممالک بھی گئے ،اب صرف20لاکھ سے زیادہ تعداد ہی کو انکشاف کہا جا سکتا ہے۔

مجلس قائمہ نے تفصیلی رپورٹ طلب کی اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کارروائی کیا اور کس کے خلاف ہو گی؟ یہ سلسلہ تو دیرینہ ہے اور سب سرکاری اہلکاروں کی ملی بھگت سے ہوا ہے۔ اس کے لئے ضروری تو یہ ہے کہ پہلے ایسے انتظامات کئے جائیں کہ آئندہ کوئی غیر ملکی ناجائز ذریعے سے پاکستانی شہریت حاصل نہ کر سکے اور پھر تحقیقات بھی یقیناًہونا چاہئے اور یہ ٹھوس بنیادوں پر ہو اور ذمہ دار اہلکاروں کو پکڑا جائے، جب تک ذمہ داری کا تعین کر کے سزا و جزا کا سلسلہ شروع نہیں ہو گا، ایسے کام ہوتے رہیں گے۔

مزید : اداریہ