پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کا جنرل کونسل اجلاس

پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کا جنرل کونسل اجلاس

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کا جنرل کونسل اجلاس زیر صدارت بریگیڈئیر (ر)رشید علی ملک لاہور میں منعقد ہوا جس میں سابق صدر میاں اقبال فرید نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے نئے آئین کی تشکیل کے لئے 6 رکنی آئین کمیٹی بنائی گئی جس کے سربراہ خالد بشیر، سیکرٹری پروفیسر سراج الحق قریشی کے علاوہ محکمہ پولیس، ریلوے اور ہائر ایجوکیشن کے ایک نمائندہ، آرمی، ائر فورس اور نیوی کا ایک نمائندہ، چاروں صوبوں، اسلام آباد اور فاٹا کا ایک نمائندہ جبکہ 9 ڈویژنز سے ایک نمائندہ آئینی کمیٹی کا ممبر ہو گا جو چھ ماہ میں نئے آئین کو حتمی شکل دیکر اس کی اگلے اجلاس میں باقاعدہ منظوری لی جائے گی۔ نئے آئین کی منظوری تک فیڈریشن کی سرگرمیوں کو چلانے کے لئے 29 نقاط پر مشتمل ایک ضابطہ اخلاق بھی جاری کیا گیا جس کے مطابق تمام کھیلوں کی سرگرمیوں کے علاوہ ریفری اور ججز کورس وغیرہ منعقد ہونگے۔ اجلاس میں 2015ء کے سپورٹس کیلنڈر کی منظوری بھی دی گئی جس کے مطابق محکمانہ چیمئپین لیگ کی میزبانی ریلوے کو، ڈویژن بی گریڈ باسکٹ بال چیمپیئن شپ گوجرانوالہ کو، نیشنل ڈویژن باسکٹ بال چمپئین شپ حیدر آباد کو، نیشنل باسکٹ بال چمپئین شپ کی میزبانی راولپنڈی کو، انڈر 18 نیشنل باسکٹ بال چمپئین شپ سندھ میں، نیشنل سکول باسکٹ بال چمپئین شپ سرگودھا میں ہوگی جبکہ نیشنل ویمن باسکٹ بال چمپئین شپ کی میزبانی پنجاب کو دی گئی جب کہ ہزارہ، لاہور، بنوں، کوہاٹ، پشاور اور کراچی آل پاکستان میچز ٹورنامنٹ ویمنز ٹورنامنٹ کرائیں گے۔ اس کے علاوہ10 عدد ریفری اور آفیشل کورسز منعقد ہونگے۔ فور اے سائیڈ پہلی نیشنل باسکٹ بال چمپئین شپ فیڈریشن خود کرائے گی۔ صوبائی چمپئین شپ اسلام آباد میں جبکہ ویمن صوبائی چمپئین شپ پنجاب کرائے گا۔ اجلاس میں گذشتہ 15 سالوں میں فیڈریشن کے فوت ہونے والے سابق آفیشلز اور کھلاڑیوں کے بلند درجات کے لئے دعائی کرائی گئی ان میں ائیر کموڈور محمد افضل خان ایس ایس شاہ، میاں رفیع الدین، فلائیٹ لفٹیننٹ ایم افضل خان، شیخ محمد امین، محمد فہیم، چاچا فیروز دین، نور دین، خانزادہ احسان، شیخ محمد فاروق، سابق کپتان، بریگیڈئیر ڈینٹل اوسٹن، جاوید شاہ، محمد خان، ویلسن بدر الدین اور ایلبن اللہ رکھا۔ سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں میں محمد ناصر، محمد سعید خان، محمد افضل شیروانی، احمد اقبال، خالد محمود، واجد علی شاہ اور محمد اشرف شامل ہیں ملک بھر سے نمائندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جن کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اس موقع پر انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریشن کی جانب سے ملک میں آصف باجوہ کی زیر نگرانی بننے والی جعلی پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کی رکنیت کو معطل کرنے کے احکامات کی توثیق کی گئی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...