60 ازبک کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے جاری ہیں،چوہدری محمد شفیق
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان میں ازبکستان کے سفیر پرویز ایم ایلیف نے سکینڈ سیکرٹری ازبک ایمبیسی ظفر اکمیدوف کے ہمراہ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈٹریڈ کے دفاتر کا دورہ کیا۔وزیر صنعت پنجاب چوہدری محمد شفیق نے وزیراعلی پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے ازبکستان کے سفیر کا استقبال کیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر انویسٹمنٹ بورڈ محمد الیا س غوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر صنعت نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دفاع،معیشت اور ٹریڈ سیکٹر میں طویل عرصہ سے قائم تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ،ازبکستان سے اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔اس موقع پر ازبک سفیر کو بتایا گیا کہ ساٹھ ازبک کمپنیوں کے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے جاری ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ ازبکستان کے سفیر نے مشترکہ وزراتی کانفرنس 2015 میں پاکستان کے تجارتی مندوبین اور حکومتی نمائندوں کی بطور مبصر شرکت کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے وزیراعلی پنجاب کو ازبکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر انویسٹمنٹ بورڈ الیاس غوری نے اس موقع پر کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلے سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔انہوں نے ازبکستان کے سفیر سے درخواست کی کہ وہ ازبکستان میں ہونے والی تجارتی نمائشوں اور دیگر تقریبات کے متعلق آگاہ کریں تاکہ ان میں تجارتی وفود کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے ازبک بزنس کمیونٹی کو پنجاب کے دورے کی دعوت بھی دی۔