ڈرگ ریگولیرٹی اتھارٹی کا سربراہ فوری تعینات کیا جائے ‘لاہور چیمبر

ڈرگ ریگولیرٹی اتھارٹی کا سربراہ فوری تعینات کیا جائے ‘لاہور چیمبر

 لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور ایوان صنعت و تجارت نے وزارت صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ڈرگ ریگولیرٹی اتھارٹی کا سربراہ تعینات کیا جائے اور ملکی فارماسیوٹیکلز انڈسٹری کے مسائل حل کئے جائیں کیونکہ اس وقت مقامی ادویات ساز ادارے شدید مشکلات کا شکار ہیں جس کے باعث فارماسیوٹیکلز سیکٹر کی برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے منگل کو لاہور اکنامک جرنلسٹس ایسوسی ایشن (لیجا) کے نومنتخب عہدیداران صدر ریاض احمد،نائب صدر احسن صدیق،سیکرٹری جنرل نوید عامر چودھری ،خزانچی جہانگیر حیات اور مجلس عاملہ کے اراکین فاخر ملک اور منصور بخاری سے حلف وفاداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کامرس رپورٹرز کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔فوجی عدالتوں کے قیام سے دہشت گردوں کو فوری سزائیں ملیں گی جس سے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی ہو گی کیونکہ جب تک امن و امان قائم نہیں ہو گا ملکی معیشت ترقی نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری توانائی کے بحران کے باعث صنعتیں متاثر ہو رہی ہیں ۔نجی شعبہ حکومت کو توانائی کے بحران کے خاتمے میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے ۔  انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت عوام اور تاجر دوست ہے لیکن اس وقت صنعت و تجارت کے شعبہ کوشدید مشکلات کا سامنا ہے ۔بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث صنعتی و تجارتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں لہٰذا بجلی اور گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور صنعتوں کیلئے لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔انہوں نے لیجا کے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر کیلئے کامرس رپورٹرز بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے جس کے بغیر ریاست نہیں چل سکتی۔ملکی معیشت میں جہاں چیمبرز کا کردار ہے وہاں کامرس رپورٹرز کا بھی کردار ہے لہٰذا میں امید کرتا ہوں کے لیجا کے نومنتخب عہدیداران ملکی معیشت کو بہتر بنانے اور لاہور چیمبر کو ترقی دینے میں اپنا خصوصی کردار ادا کریں گے۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...