امریکہ ،برفانی طوفان کے پیش نظر پانچ ریاستوں میں ایمر جنسی نافذ

امریکہ ،برفانی طوفان کے پیش نظر پانچ ریاستوں میں ایمر جنسی نافذ

                                                           نیو یارک(آن لائن) امریکہ میں برفانی طوفان کے پیش نظر نیو یارک سمیت متعدد ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔نیو یارک کے حکام نے مقامی وقت رات گیارہ بجے کے بعد سے 6000 کلومیٹر طویل روڈوں کے سلسلے پر گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی ہے۔فلیڈیلفیا سے لے کر مین تک شدید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ان ریاستوں کے کچھ علاقوں میں ایک گھنٹے میں چار انچ برف پڑی۔نیو یارک، نیو جرسی، کنیکٹیکٹ، رہوڈ آئی لینڈ اور میساچیوسٹس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جہاں پر پیشگوئی کی گئی ہے ،نیو یارک کے میئر نے پریس کانفرنس میں لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ برف صاف کرنے والے 2300 ٹرکوں سے محتاط رہیں۔ ’ہم اس طوفان کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔ اگلے چند گھنٹوں میں ہم دیکھیں گے کہ برفانی طوفان بہت تیزی سے اور بہت شدت سے ہم سے ٹکرائے گا۔‘امریکہ کے مشرقی ساحلی علاقوں میں واقع ہوائی اڈوں پر پانچ ہزار جہازوں کی پرواز متاثر ہوئی ہے۔نیو یارک کے گورنر اینڈریو کومو نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھروں ہی سے کام کریں۔ قومی محکمہ موسمیات کے گلین فیلڈ کا کہنا ہے کہ یہ برفانی طوفان پچھلے اندازوں سے بھی زیادہ شدت کا ہو گا۔ایک اندازے کے مطابق میساچیوسٹس کے ساحلی علاقوں میں 75 میل فی گھنٹہ سے ہوائیں چلیں گی اور برفباری ہو گی۔یو ہیمپشائر کے علاقے کونکرڈ کی رہائشی کرسٹی کرےہیڈ نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ اپنا مکان چھوڑ کر اپنے دوستوں کے رہنے جا رہی ہیں کیونکہ ان کے پاس جنریٹر ہے۔کرسٹی نے بتایا ’میں نے کبھی بھی یہاں تک کہ کرسمس کے دنوں میں بھی دکانوں میں اتنا رش نہیں دیکھا۔ میں نے گیلن والی پانی کی بوتلیں خریدیں۔ اب دکانوں میں چھوٹی بوتلیں ہی رہ گئی ہیں۔ دکانیں تقریباً خالی ہو چکی ہیں۔

‘امریکی موسمیاتی چینل کا کہنا ہے کہ طوفان اس علاقے میں بدھ تک جاری رہے گا اور ’ممکنہ تاریخی سرد طوفان شمال مشرقی امریکہ میں پروازوں کی منسوخی اور تاخیر اور ہوائی اڈوں کی بندش کی وجہ بن سکتا ہے۔‘ حکام نے طوفان کے خدشے کی وجہ سے پہلے ہی نیویارک، بوسٹن اور دیگر ہوائی اڈوں سے اڑنے اور وہاں اترنے والی سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔محکمہ موسمیات کے اندازوں کے مطابق نیو جرسی سے مشرقی میساچوسٹس تک چھ انچ سے ایک فٹ تک برف پڑ سکتی ہے جبکہ میری لینڈ اور پینسلوینیا میں چار سے آٹھ انچ برفباری کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔بوسٹن کے میئر مارٹی والش نے بھی عوام سے کہا ہے کہ وہ ایک دوسرے کی مدد کریں: ’ہم بوسٹن کے ہر ایک شہری سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے ہمسائے کی خبر گیری کرے چاہے وہ کوئی باہر پھرتا دکھائی دے یا آپ کے برابر والے مکان میں رہائش پذیر ہوں۔خیال رہے کہ امریکہ کی شمال مشرقی ریاستیں نومبر 2014 میں بھی شدید برفانی طوفان کی زد میں آئی تھیں جس سے ریاست نیویارک میں 7 جبکہ مجموعی طور پر 20 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مزید : عالمی منظر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...